28/12/18

متن، معنی اور نقد بنیادی مسائل و مباحث مضمون نگار:۔ شاکر علی صدیقی







متن، معنی اور نقد
 
بنیادی مسائل و مباحث
   شاکر علی صدیقی
تنقیداصلاً عربی لفظ’نقد ‘سے مشتق ہے۔اس کے لغوی معنی کھرے اور کھوٹے میں امتیاز کرنا ہے۔ حالانکہ لفظ’ نقد‘ادبی اصطلاح میں رائج ہونے سے قبل مختلف معانی پر مستعمل تھا۔ ’لسان العرب، القاموس المحیط،القاموس الجدید،بیان اللسان ،المنجد،اور مصباح اللغات‘ نے مختلف النوع معنی بیان کیے ہیں : نقد کے معنی سکہ کا پرکھنا،اسی مادۂ ’نقد ‘سے تنقاد اور تنقد کے معنی بھی درہم یا دینار یعنی سکہ کو پرکھنے کے ہیں۔ نقد کے معنی کسی کو رقم دینا، اور اسی مادۂ نقد سے انتقد کے معنی ’لینا ‘بھی ہیں۔نقد کے معنی انگلی سے اخروٹ میں سوراخ کرنا، تاکہ معلوم ہو سکے کہ اخروٹ کیسا ہے۔نقد کے معنی کسی چیز پر گہری نظر ڈالنا۔ نقد کے معنی سانپ کا ڈسنا بھی ہے۔نقد کے معنی عیب جوئی کے بھی ہیں۔ بحیثیت مجموعی لفظ’نقد‘ مختلف النوع معانی پر دلالت کرتا ہے،جس کی تصدیق درج ذیل لغات سے ہوتی ہے۔المنجد میں ’نقد‘ کے معنی یہ درج ہیں کہ :
’’نقد (ن) نقدا و تنقادا۔ الدراھم: در اہم پرکھنا۔ الکلام : کلام کی خوبی و برائی ظاہر کرنا۔ نقد فلانا و بفلان الثمن : قیمت نقد ادا کرنا۔ نقد در ھما : دینا۔ الطائر الفتح او الحب : پرندہ کا چونچ مارنا۔ الرجل الشیی و الی الشیی بنظرہ : چپکے چپکے دیکھنا یا تکنا۔ نقدتہ الحیۃ : سانپ کا ڈسنا ۔ النقاد : روپیے پرکھنے والا، تنقید کرنے والا، ایک چھوٹی قسم کی بھیڑوں کا چرواہا۔‘‘1
قاضی زین العابدین سجاد میرٹھی’بیان اللسان‘ میں نقد کے معنی لکھتے ہیں :
’’ نقد ‘ :وہ چیز جو ہاتھ کے ہاتھ دی جائے،روپیہ،پرکھنا، جانچنا،کسی کو کچھ نقد دینا،چھانٹ لینا،ٹکٹکی باندھ کر دیکھنا، پرندہ کا چونچ مارنا،سانپ کا کاٹ لینا۔‘‘ 2
مولانا وحید الزماں قاسمی کیرانوی’القاموس الجدید‘ میں نقد کے ضمن میں رقمطراز ہیں :
’’ نَقَدَ:پرکھنا،نقد ادا کرنا،تنقید کرنا۔نقد:تنقید،نکتہ چینی،رقم،کرنسی۔‘‘ 3
مولانا عبد الحفیظ بلیّاوی’مصباح اللغات‘ میں تحریر کرتے ہیں کہ :
’’ نقد: پرکھنا،کلام کے عیوب و محاسن کو ظاہر کرنا،چونچ مارنا،نقد ادا کرنا،چپکے چپکے نظر ڈالنا، سانپ کاڈسنا۔‘‘ 4
مذکورہ تمام لغوی معنی کی پیش کش سے مترشح ہوا کہ لفظ ’نقد‘ادبی اصطلاح میں رائج ہونے سے قبل مختلف النوع معنی پرمتحمل تھا۔لیکن اب جب بھی اس کا اطلاق کیاجاتا ہے تو اس سے مراد کسی چیز کے جانچنے اور پرکھنے کے ہی ہوتے ہیں،جس کوسید عابد علی عابد نے ان الفاظ میں واضح کیا ہے ،:
’’اس(نقد)کا ماخذ عربی لفظ ’غربال‘ ہے جس سے انگریزی کلمہ Garble برآمد ہوتا ہے۔ غربال کی اصل لاطینی ہے اور اس لاطینی اصل کا تعلق کلمہ Cret سے ہے۔ Cretکے معنی ہیں پھٹکنا، چھان پھٹک کرنا۔‘‘ 5
اردو والوں نے عربی لفظ’ نقد‘سے ہی’تنقید‘کا لفظ وضع کیا ہے۔اور یہی لفظ اردو میں عام طور پر مستعمل ہے۔حالانکہ بعض لوگوں کو لفظ ’تنقید‘کی صحت پر کلام ہے۔مثلاً نیاز فتح پوری اپنے مضمون ’اصول نقد‘ میں لکھتے ہیں کہ:’ اس فن (تنقید) کو جاننا ہے جسے انگریزی میںCriticism کہتے ہیں۔ اس کا ماخذ یونانی لفظ ہے جس کے معنی فیصلہ کرنے کے ہیں۔ اردو میں عام طور پر اس کا ترجمہ تنقید کیا جاتا ہے۔لیکن زیادہ صحیح لفظ ’نقد یا انتقاد‘ہے، جس کا مفہوم پرکھنا یا جانچنا ہے اور ہر وہ شخص جو یہ خدمت انجام دیتا ہے اسے نقادکہتے ہیں۔‘‘6 یہی وجہ ہے کہ انھوں نے اپنے مجموعۂ مضامین کانام’انتقادیات ‘ رکھا۔لیکن اس کتاب کے متن میں انھوں نے لفظ’ تنقید‘ کا بھی استعمال کیا ہے۔اردو میں سب سے پہلے تنقید کالفظ مہدی افادی نے(1910)میں استعمال کیا۔اور انھوں نے ’تنقید عالیہ‘کے نام سے ایک اصطلاح بھی وضع کی ہے، جب کہ اردو میں اس سے قبل لفظ ’تنقید‘ استعمال نہیں ہوتا تھا۔مثلاً اردو میں ادبی تنقید کے ابتدائی نقوش تقاریظ،دیباچوں،بیاضوں اور تذکروں میں ملتے ہیں، جن میں ہمیں تنقید کا لفظ نہیں ملتا۔یا اسی طرح محمد حسین آزاد،حالی،امداد امام اثر، اور شبلی نے اپنی تنقیدی تحریروں میں کہیں بھی لفظ’ تنقید‘ کا استعمال نہیں کیااور نہ ہی اپنے کو نقاد کہا ہے۔شبلی نے بھی لفظ تنقید کو موضوع قرار دیا، لیکن سید سلیمان ندوی کے یہاں(1933)میں اس لفظ کا کثرت سے استعمال ہوا ہے۔اور بعد میں ادبی اصطلاح کے طور پر یہی لفظ عمل میں رائج ہوا۔ بیسویں صدی نصف آخر کی چوتھی دہائی میں تنقید کا مترادف لفظ ’ پرکھ‘ کا بھی استعمال ہونے لگا۔ بقول شمس الرحمن فاروقی’تنقید کا مترادف ادب کی پرکھ اور نکتہ چینی کا لفظ بیسویں صدی کی نویں دہائی کے او اخر میں رائج ہوا۔‘آل احمد سرور نے بھی تنقید کے مترادف لفظ’’پرکھ‘‘ کو مناسب قرار دیا ہے۔ وہ رقمطراز ہیں :
’’میرے خیال میں اس (تنقید)کے لیے’ پرکھ‘ کالفظ سب سے زیادہ موزوں ہے۔ اس میں تعارف، ترجمانی، اور فیصلہ سب آجاتے ہیں۔‘‘7
بہرکیف اصطلاحی معنی میں تنقید ایک تجزیاتی عمل ہے، جس کے تحت شعر وادب کے محاسن و معائب کی توضیح اور قدر وقیمت کاتعین کیا جاتا ہے۔یعنی کسی ادبی فن پارے کا مطالعہ کرکے اس کے حسن و قبح کو مع اسباب وعلل پیش کرنا اور اس کے مقام یا معیار کا تعین کرنا ادبی تنقید کہلاتا ہے۔تنقیدی عمل ایک ایسا فکری نظام ہے جس کے ذریعے شعر وادب میں بتدریج ارتقا ہوتا ہے،اور تخلیق اور قاری کے مابین تفہیمی رشتہ قائم ہوتا ہے۔مشرق و مغرب کے ناقدین نے اپنے اپنے نقطۂ نظر،طریق کار، شرائط، اورادبی تصورات کے پیش نظر تنقید کی مختلف النوع تعریف پیش کی ہے۔مثلاً میتھو آرنلڈ (Matthew Arnold)کے نزدیک تنقید کا مقصد یہ ہے:
‘‘Dissemination of ideas, an unprejudiced and impartial effort to study and spread the best that is known and thought in the world’’ 8
آئی اے رچرڈس(I. A. Richards) تنقید کی تعریف میں لکھتے ہیں :
’’تنقید کا کام کسی مصنف کے کام کا تجزیہ،اس کی مدلل توضیح اور بالآخر اس کی جمالیاتی قدروں کے بارے میں فیصلہ صادر کرنا ہے۔‘‘ 9
انھوں نے حتمی طور پرتنقید کو فیصلہ قرار دیا ہے :
‘‘Judgment.Inits strictsense, criticism means judgment. The literary critic, therefore, is primarily an expert who uses his special faculty and training to examine the merits and defects of a piece of literary art or the work of a given author and pronounce a verdict upon it. The primary function of a literary critic is to arrive at and pronounce a meaningful judgment of value. The famous literary critic I. A. Richards says:‘ To set up as a critic is to set up as a judge of values.’’ 10
اس کے بعد وہ اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ اس سے مقصود یہ ہے کہ اشیا کو اس کی حقیقی صورت میں منکشف کیا جائے؛ کیونکہ تاریخی ،سماجی اور نفسیاتی تناظرات غیر مادی ہوتے ہیں۔ٹی ایس ایلیٹ (T. S. Eliot)کہتے ہیں کہ :
’’مانتا ہوں کہ تنقید وہ شعبۂ فکر ہے جو یا تو یہ معلوم کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ’شاعری کیا چیز ہوتی ہے؟ اس کے فوائد کیا ہیں؟ یہ کن خواہشات کی تسکین بہم پہنچاتی ہے؟ اشعار لکھے کیوں جاتے ہیں ؟ سنائے کیوں جاتے ہیں؟ شاعر شاعری کیوں کرتا ہے؟یا ان تمام باتوں کے متعلق علم و آگہی کے چند شعوری یا غیر شعوری مفروضات قائم کرکے نظم اشعار کی حیثیت متعین کرتا ہے۔‘‘ 11
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ :
‘‘Some creative writers are superior to others solely because their critical faculty is superior.’’ 12
والٹر پیٹر کے نزدیک تنقیدکی تین ذمے داریاں ہیں: 
‘‘To feel the virtue of the poet or the painter, to disengage it, to set it forth 150 these are the three stages of the critic’s duty.’’ 13
مذکورہ اقتباسات میں ہم نے دیکھا کہ تمام مغربی ناقدین کی بیان کردہ تنقید ی تعریفوں کا مشترک عنصر شعر وادب کی جانچ پرکھ ہے۔اور یہی عنصر تنقید کی روح ہے۔آئی اے رچرڈس کی یہ شرط کہ جمالیاتی قدروں کے متعلق فیصلہ کرنا،یہ ان کا مخصوص تنقیدی نقطۂ نظر اورطریق کا ر ہے۔یعنی تنقید اس کی پابند نہیں کہ وہ محض یاخالص فن پاروں کے جمالیاتی عناصر کی تشریح اور توضیح کرکے اس کی قدروں کو اساس بناکر عظمت کا تعین کرے۔ہاں یہ ادبی مطالعے کا ایک تخصیصی پہلو ہے، لازمی ہرگز نہیں۔اس طرح کے اصولوں کو ہم امتیازی یا تخصیصی اصول کہہ سکتے ہیں۔میتھو آرنلڈ اور ٹی ایس ایلیٹ نے جن بنیادی پہلوؤ ں کی نشان دہی کی ہے ، وہ غیر معمولی ہے ۔ کیونکہ تنقید اصلاً متن اور قاری کے درمیان رابطے کا کام انجام دیتی ہے۔اور شعر فہمی کی اس سطح تک رہنمائی کرتی ہے،جہاں تک عام قاری کی رسائی تنقیدی کارفرمائی کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ اسی طرح والٹر پیٹر اور یوری لوٹمان نے بھی نہایت اہم نکات کی نشاندہی کرکے تنقید کے صحیح مصرف کی وضاحت کی ہے۔ 
اردو ناقدین نے بھی تنقید کی مختلف تعریفیں پیش کی ہیں۔مثلاً آل احمد سرور بڑی وضاحت سے لکھتے ہیں کہ:
’’تنقید کا کام فیصلہ ہے،تنقید دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی الگ کر دیتی ہے،تنقید وضاحت ہے، صراحت ہے، ترجمانی ہے،تفسیرہے،تشریح ہے،تحلیل ہے،تجزیہ ہے۔ تنقید قدر ہی نہیں متعین کرتی ہے، ادب اور زندگی کو ایک پیمانہ دیتی ہے،تنقید انصاف کرتی ہے، ادنیٰ اور اعلیٰ،جھوٹ اور سچ،پست و بلند کے معیار قائم کرتی ہے۔تنقید ہر دور کی ابدیت اورابدیت کی عصریت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ تنقید ادب میں ایجاد کرنے اور محفوظ رکھنے دونوں کا کام انجام دیتی ہے۔ وہ بت شکنی بھی کرتی ہے اور بت گری بھی۔‘‘ 14
مذکورہ اقتباس میں آل احمد سرور نے ناقدین کے تنقیدی کارناموں کے پیش نظر تنقید کی خصوصیات کو ضبط تحریر کیا ہے۔جس سے یہ نتیجہ نکالنا مشکل نہیں کہ تنقید کے دو بنیادی کام ہیں اول کسی بھی طریق سے متن کے محاسن و معائب کی وضاحت کرنا۔دوم اس کے مقام کا تعین کرنا۔دوسرے یہ کہ انھوں نے تنقید کی دونوں جہتوں کی طرف اشارہ کیا ہے، یعنی نظری اور عملی تنقید کے عوامل کی نشان دہی بھی کی ہے۔عبد المغنی نے بھی اپنے مضمون ’جدید ادبی تنقید کے مسائل ‘ میں تنقید کو انھیں دو کاموں کے لیے مختص کیا ہے۔وہ رقمطراز ہیں :
’’تنقید کا کام ادب کی تفہیم و تشریح اور اس کی قدر و قیمت کی تعیین ہے۔‘‘ 15
ابوالکلام قاسمی تنقید کے متعلق لکھتے ہیں : 
’’ادبی تنقید شعر و ادب کی پرکھ اور اس کی اہمیت اور قدر و قیمت کو سمجھنے اور سمجھانے کا نام ہے۔ تنقید کے دائرہ کار میں تعریف و تحسین بھی شامل ہے اور فن پارے کے نقائص کی نشان دہی بھی۔‘‘ 16
در اصل تنقید کا بنیادی مقصد شعر فہمی اور اس کا تعین مراتب ہے، نہ کہ تحسین اور تنقیص۔ لیکن شعر فہمی کا عمل ہمیں ان دونوں میں سے کسی ایک نہ ایک خانہ میں ضرور داخل کر تا ہے۔ اس لیے محض فن پارے کے محاسن و معائب کی نشان دہی تنقید نہیں، بلکہ اس کے اسباب و علل کی وضاحت بھی تنقید کے لیے لازمی ہے۔مثلاً کسی ناقد نے ایک شعر کو اچھا کہا اور دوسرے کوخراب ، تو یہ بیان تنقیدی نہیں بلکہ ذاتی ہوگا یا تاثراتی ،کیونکہ جب تک اس کی وضاحت نہ ہو کہ شعر کو کن بنیادوں پر اچھا اور براکہا گیا ہے ، دوسرے لفظوں میں کہہ سکتے ہیں کہ بغیر دلیل کے کوئی فیصلہ دوسرو ں کے لیے قابل قبول نہیں ہو سکتا ہے۔اس لیے بیشتر ناقدین نے اس شرط کو لازمی قرار دیا ہے۔مثلاً ابوالکلام قاسمی نے بھی آگے چل کر یہی شرط لگا ئی ہے کہ’اس عمل (تنقید)میں تحسین کے ساتھ تنقیص کے مراحل بھی آتے ہیں۔مگر نہ تو تحسین بلا دلیل ہونی چاہیے اور نہ تنقیص بغیر کسی نقص کی نشان دہی کے۔‘‘ 17مرزاخلیل احمد بیگ کے الفاظ میں :
’’تنقید کا منصب و مقصد ادب میں سماج کو ٹٹولنا نہیں ،بلکہ اس جمالیاتی حظ سر خوشی (Aesthetic Pleasure) کو بیان کرنا ہے جو کسی ادبی فن پارے کوپڑھنے کے بعد حاصل ہوتی ہے۔کسی ادبی فن پارے یا نظم کو پڑھنے کے بعد قاری ایک نوع کے جمالیاتی تجربے(Aesthetic Experience)سے گزرتا ہے اس تجربے کا بیان ہی ’تنقید‘ ہے۔‘‘ 18
خلیل احمد بیگ کی یہ تعریف منطقی ہے۔کیونکہ ناقد ادبی فن پارے کے جمالیاتی حظ سے سروکار تو ضرور رکھتا ہے۔مگر اس کا کام یہیں پر ختم نہیں ہوتا،بلکہ وہ اس سے آگے بڑھ کر فن پارے کی اکائیوں کو اپنے تجزیاتی مطالعے کے ذریعے مربوط کرکے فن پارے کے اجزا کو کلیت کی صورت میں پیش کرتا ہے اور پھر اس کے بعد کوئی مجموعی نتیجہ برآمد کرتا ہے۔تو پھر یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ جمالیاتی تجربے کے بیان پر ہی تنقید محض کا قفل لگا دیا جائے؟وحید اختر نے اپنے مضمون’تخلیق وتنقید‘ میں بڑی بصیرت افروز بحث کی ہے اورتنقید کی غرض و غایت کے اعتبار سے اس کے دو بنیادی کام بتائے ہیں، وہ دونوں کام یہ ہیں : 
’’تنقید کا ایک کام تو یہ ہے کہ وہ کسی زبان کے ادبی سرمائے کو سامنے رکھ کراس کا گہرا مطالعہ کرکے نقد کے اصول اخذ کرے۔ یہ اصول کسی حالت میں مطلق،جامد اور آخری نہیں ہو سکتے۔ ان کو بدلتے ہوئے رجحانات اور تقاضوں کے ساتھ بدلنا پڑتا ہے۔ کسی ایک دور کے بنائے ہوئے اصول اور معیار ہر دور پر صادق نہیں آسکتے۔ 133133. اسی کے ساتھ(دوسرا کام یہ ہے کہ)تنقید ایک دور کے ادب کے لیے تخلیق کی روشنی میں بنائے ہوئے معیاروں اور پیمانوں سے ادب کی قدر وقیمت متعین کرنے کا کام بھی کرتی ہے، لیکن قدر متعین کرنے کا کام فروعی ہے،اصل منصب نقاد کا یہی ہے کہ وہ اپنے دور کے ادب اور ادبی معیاروں کا عرفان عام کرے۔تفہیم شعر میں مدد دے، قدر کا تعین اور محاکمہ اضافی اور ثانوی حیثیت رکھتا ہے۔‘‘ 19
وحید اختر نے اپنے مذکورہ بیان میں تنقید کے مقاصد اور اس کی دونوں جہتوں کے اصول و ضوابط اور طریق کا ر کو بڑے سلیقے سے کم لفظوں میں پیش کر دیا ہے۔ یعنی نظری تنقید کی غرض و غایت اور اصولوں کے بننے و بگڑنے کے بنیادی اسباب کی طرف بھی اشارہ کر دیا ہے ،نیز عملی تنقید کی کلیدی حیثیت اور اس کی مرکزیت کا تعین بھی۔ اسی طرح فاروقی بھی تنقید کی دونوں شاخوں کے طریق کار کو سامنے رکھ کر اس کی تعریف میں لکھتے ہیں:
’’یہ دو کام کرتی ہے۔اول تو یہ خارجی دنیا کے اہم ترین مظہر، یعنی ادب کو بیا ن کرنے کے لیے ایسے الفاظ تلاش کرتی ہے جن کا استعمال درستی اور صحت بیان کے لیے ناگزیر ہو۔ یہ اس لیے کہ جو الفاظ نا گزیر ہوں گے ان میں حقیقت کا شائبہ یقیناًہو گا، کیونکہ ہر وہ لفظ جسے نظر انداز کیا جا سکے یا جس کی ضرورت ایسی نہ ہو کہ اسے پس پشت ڈالنا ممکن ہو ، یقیناًاس شے سے نزدیک ترین تعلق نہ رکھتا ہوگا جسے بیان کیا جا رہا ہے۔تنقید دوسرا کام یہ کرتی ہے کہ صحیح ترین بیان کی تلاش کے ذریعے ایسے اصول دریافت یا مرتب کرتی ہے جس کی روشنی میں صحیح بیان تک پہنچنے میں مدد ملتی ہے۔پہلا کام عملی تنقید اور دوسرا نظریاتی تنقید کے ذریعے انجام پاتا ہے۔‘‘ 20
وحید اختراور شمس الرحمن فاروقی کے مذکورہ اقتباسات نظری اور عملی تنقید کی خصوصیات اور امتیازات کو سمجھنے میں بے حدمعاون ہیں۔ اس پر مستزاد یہ کہ ان دونوں کے اقتباس میں جہتی حدود و امکانات اور بنیادی مقدمات کا بھی سراغ ملتا ہے،جس کی روشنی میں نظری اورعملی تنقید پر با معنی بحث کی جا سکتی ہے۔
مذکورہ تمام مباحث کی روشنی میں کہا جاسکتا ہے کہ تنقید در اصل قاری کو فن پارے سے متصل کرنے کا ایک فکری اور عملی نظام ہے۔ قاری اور متن کے ما بین نقادحائل ہو کر اس کے تفہیمی مراحل کی دریافت کا وہ جواز تلاش کرتا ہے ، جس کی بدولت وہ متن معنو یت اورتحسینیت یامعیوبیت کی کیفیت سے متصف ہوا ہے۔ 
نظری تنقید کے بنیادی مباحث
نظری تنقید ادبی اورتنقیدی پیمانوں کی اصول سازی کرتی ہے۔یعنی جب کو ئی تنقیدی معیار ادب کی تعریف،اس کی توصیف اور ان سے مربوط مقاصد کے اجزا کی مختلف النوع جہتوں سے تشریح /توضیح یا اصول سازی کرے تو اسے نظری تنقید کہتے ہیں۔ بہ الفاط دیگر نظری تنقید ادب کے اوصاف،امتیازات اور مقاصد کے اجزا کی اصولی توضیحات سے عبارت ہے۔بقول عبادت بریلوی :’’نظری تنقید میں اصولوں کی بحث ہوتی ہے‘‘21 نظریاتی تنقید میں شعر وادب کے تعلق سے کوئی خیال یا نظریہ پیش کیا جاتا ہے۔مثلاً فن کار یا فن پارے کو کیسا ہونا چاہیے؟ اور کیا نہیں ہونا چاہیے؟۔ نظری تنقید میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ ادب اور اس کی ادبیت کیاہے؟، اس کا فن کیا ہے؟، وہ کیوں کر پیدا ہوتا ہے؟اس کی اہمیت اور ضرورت کیا ہے؟ اور اس کا فن کاری سے کیا تعلق ہے؟ اور مستزاد یہ کہ شعر وادب کے مسائل کی نشان دہی،ان کے حل،اور عصری تقاضوں کے پیش نظر اصولوں کی شکل میں نئی تجویزیں پیش کرنے کو نظری تنقید کہتے ہیں۔بقول فاروقی :
’’نظریاتی تنقید ایسے اصول وضع یا دریافت کرتی ہے جن کی روشنی میں مخصوص فن پاروں پر معنی خیز اور بامعنی اظہار خیال ہو سکتا ہے۔ یعنی اگر نظریاتی تنقید نہ ہو تو بقیہ تنقید، جسے آسانی کے لیے عملی تنقید کہا جاسکتا ہے، وجود میں نہیں آسکتی۔‘‘ 22
سلیم اختر نے بڑی وضاحت کے ساتھ نظریاتی تنقید کے ان مباحث کاذکر کیا ہے جن سے نظریا تی تنقید اپنا بنیادی سروکار رکھتی ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ :
’’نظری تنقید اصول سازی سے عبارت ہے۔اس میں ادب اور فن سے وابستہ مسائل و مباحث کا جائزہ لیتے ہوئے ادبی قدروں کی چھان پھٹک سے تخلیقی معائیر کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ ادب کیا ہے؟ تنقید کی کیا اہمیت ہے؟ اس کا تخلیق سے کیا رشتہ ہے؟ نقاد کا منصب کیا ہے؟ مختلف اصناف کے فنی حسن و قبح کے تعین کے لیے رہنما اصولوں کی تشکیل و تحلیل۔ یہ اور اسی نوع کے دیگر سوالات اور متنوع مسائل کے جوابات مہیا کرنا نظری تنقید کا کام ہے۔ یہی نہیں بلکہ ان تمام وجوہات پر تنقید بھی اسی میں شامل ہے۔ بہ الفاظ دیگر نظری تنقید، تنقید پر تنقید کا نام ہے۔‘‘ 23
مذکورہ دونوں اقتباسات سے معلوم ہوا کہ نظریاتی تنقید ایسے اصول و ضوابط وضع کرتی ہے جن کی روشنی میں کسی مخصوص فن پاروں پر بامعنی اور معنی خیز اظہار خیال کیا جا سکے۔اگر نظریاتی تنقید کا وجود نہ ہو تو پھر عملی تنقید وجود میں نہیں آسکتی ہے۔عملی تنقید کے پس پشت کوئی نہ کوئی تنقیدی شعور/ نظریہ ضرور کار فرما رہتا ہے۔یہ الگ مسئلہ ہے کہ ان اصولوں کی ماہیت سے ہم شعوری طور پر با خبر ہوں یا بے خبر۔مثلاً جب آپ کے سامنے کوئی ادبی متن پیش کیاجاتا ہے،تو فوراً آپ کا تنقیدی ذہن اس متن کو یا اس متن کے بعض حصوں کو نظم یا نثر کے خانوں میں ضرور تقسیم کرتا ہے۔تو یہ سوال اٹھتا ہے کہ آپ نے کن پیمانوں پر نظم و نثر کی تفریق کی ہے؟اور پھر مزید آپ اس نثر و نظم کی اصنافی اقسام کن اصولوں پر کرتے ہیں؟ کہ یہ قصیدہ ہے، یہ مثنوی ہے، یہ مرثیہ ہے، یہ غزل ہے، یہ قطع ہے، یہ رباعی ہے، یہ پابند نظم ہے، یہ نثری نظم ہے۔ یا اسی طرح یہ داستان ہے،یہ ناول ہے،یہ افسانہ ہے،یہ ڈرامہ ہے، یہ انشائیہ ہے، یہ خط ہے، یہ رپورتاژ ہے۔ یہی نہیں بلکہ پھر آپ کہتے ہیں کہ یہ تشبیب کے اشعار ہیں ،یہ گریز کے اشعار ہیں یہ مدحیہ اشعار ہیں، اور یہ دعائیہ اشعار ہیں۔اور اس پرمستزاد یہ کہ اس شعر میں فلاں حسن ہے اور اس شعر میں فلاں قبح۔ تو یقیناً آپ کے اس فیصلے میں نظریاتی تنقید کارفرما ہے۔اور آپ نے کسی نہ کسی فکری نظام کی روشنی میں ادبی متن کے تخصیصی صفات کا تعین کیا ہے۔لہٰذا کسی فن پارے کو اچھا، بہت اچھا، کم اچھا ،یا خراب ، بہت خراب ،کم خراب کا تعین کسی نظریۂ شعر کی روشنی میں ہی کیا جا سکتا ہے۔یعنی نظریۂ قرات کے بغیر کسی فن پارے کے متعلق کوئی فیصلہ یا تجزیہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔بقول فاروقی ’’کسی نظریۂ ادب کے بغیر کسی فن پارے کے ظاہری اور ہئیتی خواص کا بیان بھی ممکن نہیں،چہ جائے کہ اس کے ظاہری صفات اور اس کے فنی اقداری پہلوؤں پر اظہار خیال یا تنقید ممکن ہو۔آئی اے رچرڈس (I.A.Richards) کا قول ہم جلد سوم میں پڑھ چکے ہیں کہ’یہ فیصلہ کہ کوئی متن عمدہ ہے،زندگی کا عمل ہے۔ اس کے محاسن کا معائنہ اور بیان نظریے کا عمل ہے۔‘یعنی یہ معائنہ اور بیان ممکن ہی نہیں ہے اگر نظریہ (Theory)نہ ہو‘‘24 اسی نظریۂ قرات کی تشکیل،توضیح،تعبیر،تخصیص کو نظری تنقید کہتے ہیں۔تمام قرات میں مخصوص نظریۂ قرات کی شمولیت ناگزیر ہے۔ با الفاظ دیگر ہر عملی تنقید میں نظری تنقید کا وجود لازمی ہے۔ بقول ابوالکلام قاسمی :
’’تنقیدی نظریہ کا کو ئی بھی عملی اطلاق ، نظریے اور اطلاق کی مکمل ہم آہنگی کے بغیر ممکن نہیں۔ کسی نظریے ، نقطۂ نظر اور نظام فکر کے بغیر اطلاقی تنقید ہوا میں معلق ہو کر رہ جاتی ہے۔‘‘ 25
آل احمد سرور نے اپنے مضمون ’ تنقید کیا ہے‘ کی غرض و غایت پر بڑی معنی خیز بحث کی ہے۔ اور تنقید کا مترادف لفظ ’پرکھ‘ کو مناسب قرار دے کر ’ کسوٹی/ معیار‘ کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی ہے۔یعنی ہر چیز کے پرکھنے کی ایک خاص کسوٹی یا معیار کا تعین لازمی ہے۔نظری تنقید اسی کسوٹی کو وجود بخشتی ہے۔ یعنی ہم کسی فن پارے یا فن کار کو کن پیمانوں ،اصولوں ، طریقوں،معیاوں پر پرکھیں گے۔ اس لیے عملی تنقید کے لیے نظری تنقید مشروط ہے۔ بقول آل احمد سرور :
’’پرکھ کے لفظ کے ساتھ ہمارے ذہن میں ایک معیار یا کسوٹی آتی ہے۔نقاد کے ذہن میں ایسا ایک معیار ضروری ہے۔‘‘ 26
جب تنقید کا مقصد شعر و ادب کی جانچ و پرکھ ہے، اس کی عظمت اور اہمیت کا پتہ لگانا ہے،مستزاد یہ کہ اس پر کوئی درست رائے قائم کرنا ہے۔ تو پھر ہمیں کچھ رہنما اصول اور میزان چاہیے، جن کو حاصل کرنے کے لیے نظری تنقید کا سہارا لینا لازمی ہوگا۔ یعنی جب تک ہمیں اس کا ہی علم نہیں کہ ادب کیا ہے؟، ادب کو کیا ہونا چاہیے،اسے کن اوصاف کا حامل ہوناچاہیے، اس کا مقصد کیا ہے، تو ہم اس وقت تک عملی تنقید نہیں کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نظری تنقیدمیں اصول سازی کی جاتی ہے،اور پھر انہیں اصولوں کا اطلاق ادب پارے پرکرکے کوئی رائے قائم کی جاتی ہے۔کلیم الدین احمد اصول تنقید کی عدم واقفیت پر مبنی ادبی مطالعات کو تنقید کے بجائے رائے زنی قرار دیتے ہیں۔وہ رقمطراز ہیں :
’’اصول تنقید سے عدم واقفیت میں فن پاروں کا تجزیہ کرنا، ان کی قدر وقیمت کا اندازہ کرنا،ان کے حسن صورت کو سمجھنا،ان کو دوسرے فن پاروں سے ملانا،آرٹسٹ کے دماغ میں سمانا ناممکن ہے۔جو بات بھی کہی جائے گی وہ تنقید نہ ہو گی ، رائے زنی ہو گی۔‘‘ 27
اب یہ سوال قائم ہوتا ہے کہ نظری تنقید کن بنیادوں اور کن وسائل سے ادبی اصولوں کو وضع کرتی ہے؟ کیا وہ ادبی فن پاروں کو سامنے رکھ کر اصول بناتی ہے؟ یاپھر باہر سے ادب پر اصول چسپاں کیے جاتے ہیں ؟ نظری تنقید کا جہاں تک بنیادی تعلق ہے تو وہ ادبی کارناموں کو سامنے رکھ کرہی اصولوں کی تشکیل کرتی ہے۔جیسا کہ ارسطو نے یونان کے مثالی فن پاروں کی روشنی میں ادبی اصول مرتب کیے۔ مثلاً ارسطو نے ہومر کی رزمیہ نظموں میں دیکھا کہ اس کے اجزائے ترکیبی تمہید،اصل بیان،اور نتیجہ سے مربوط ہیں، تو اس نے رزمیہ شاعری کو انھیں تینوں اصولوں سے مشروط کیا۔یہاں تک ایک طویل زمانہ تک رزمیہ شاعری انہیں تینوں عناصر کی پابند رہی۔ یا اسی طرح ہمارے تذکرہ نگاروں نے جس درجہ کی بھی شعر و ادب کی عملی تنقید پیش کی ہے، جن کے مطالعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ یقیناً ان کے اس عمل کے پیچھے ایک مروجہ تصور شعر موجود تھا، جس کی روشنے میں ان لوگوں نے کلام کی اصلاحیں ،انتخاب شعراور اشعار کی معیا ر بندی کی کوششیں کیں۔ اگر چہ اس دور میں منظم طور پر ادبی اصول سازی کا کوئی رویہ ہمیں دستیاب نہیں ہوتا،لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کے پاس اشعار کی جانچ پرکھ کا کوئی پیمانہ نہ تھا، پیمانہ ضرور تھا اور یہ انھوں نے اپنے متقدمین و معاصرین کے مخصوص شعر وادب کو سامنے رکھ کر ہی وضع کیا تھا۔ جیسا کہ میر نے’ نکات الشعرا‘ کے آخری صفحہ پر اصول شعر کے جن نکات کو پیش کیا ہے وہ اس کی عمدہ دلیل ہے۔ یا اسی طرح حالی نے ’مقدمہ شعر و شاعری‘کے پہلے حصے میں اور’ یادگار غالب‘میں غالب کے کلام کا جائزہ لینے سے قبل اصول سازی کی ہے۔ اسی طرح امداد امام اثر نے ’کاشف الحقائق‘ میں شاعری کے اصو ل وضع کیے ہیں۔شبلی نے ’شعر العجم اور موازنہ انیس و دبیر ‘ میں ادبی اصولوں کی شیرازہ بندی کی کوشش کی ہے۔یا ہمارے عہد میں شمس الرحمن فاروقی نے میر کے کلام کو پرکھنے کے لیے ’شعر شور انگیز‘ کی جلدوں میں اصول نقد و شعر کی شیرازہ بندی کی ہے۔مذکورہ سبھی اصولوں کا بنیادی جواز یہی ہے کہ ان میں سے بیشتر اصول مخصوص فن پاروں سے ہی نکالے گئے ہیں۔وہ اصول جو مخصوص فن پاروں سے اخذ کیے جائیں انھیں استخراجی اصول کہا جاتا ہے۔ کلیم الدین احمد کا یہ قول کہ’نقاد ادبی کارناموں سے اصول فن اخذ کرتا ہے۔‘ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔کیونکہ جو اصول ادبی فن پاروں کے پیش نظر وضع کیے جاتے ہیں ،ان میں غلطی کے امکانات بہت کم رہتے ہیں،بلکہ یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ بہت حد تک غلطی سر زد ہی نہیں ہوتی ہے۔ اور دوسروں کے لیے اس طرح کے اصول قابل قبول بھی ہوتے ہیں۔احتشام حسین نظری تنقید کے متعلق لکھتے ہیں :
’’عملی تنقید نظریاتی تنقید کا استعمال ہے۔شعر و ادب کو جانچنے کے لیے یہ نظریے، شعر و ادب کو جانچنے اور پرکھنے کے دوران میں پیدا ہوئے ہیں اور کہیں سے بن کر نہیں آئیں ہیں۔‘‘ 28
دوسری جگہ سید احتشام حسین کامزید وضاحتی بیان دیکھیے :
’’ تنقید کے اصول ادب کے اندر سے ہی وضع کیے گئے ہیں ، اگر وہ باہر سے ادب پر لادے جائیں تو انھیں تنقید (نظری تنقید )نہیں کہا جا سکتا ہے۔‘‘ 29
شعر وادب کی جانچ پرکھ،اچھے اور برے،کھرے اور کھوٹے میں تمیز کی طاقت تنقیدی پیمانہ رکھتا ہے۔اور ان پیمانوں کی تشکیل نظریاتی تنقید کرتی ہے۔اور پھر انھیں پیمانوں کی روشنی میں شعر وادب کی عملی تنقید کی جاتی ہے۔اور یہ اصول انھیں فن پاروں سے خارج کیے جاتے ہیں۔آل احمد سرور اپنے مضمون ’شاعری اور نثر‘ میں لکھتے ہیں :
’’ادبی تخلیق تنقید کے پیچھے چلتی ہے اور اس کی روشنی میں اپنے اصول اور قواعد و ضوابط متعین کرتی ہے۔‘‘ 30
لیکن یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ کوئی بھی مصنف اصول ونظریات کی روشنی میں اپنی تخلیق کو پائے تکمیل تک نہیں پہنچاتا، کیونکہ خالق کے پاس اپنی تخلیق کا ایک انتخابی شعور اور تنقیدی نظریہ ہوتا ہے، جس کی رہبری میں وہ اپنے فن پارے کو تخلیق کرتا ہے۔بقول شمس الرحمن فاروقی’ہر تخلیق اپنے اندر تنقید کا عنصر بھی رکھتی ہے،چاہے بالقوہ، چاہے بالفعل۔‘‘ 31ٹی ایس ایلیٹ کے نزدیک تو سب سے اعلیٰ اور ارفع تنقید وہ ہے جو مصنف خود اپنی تخلیق پر کرتا ہے ،وہ لکھتے ہیں کہ’ایک مصنف کی اپنی تصنیف کے سلسلے میں محنت شاقہ کا بڑا حصہ تنقیدی محنت کا ہوتا ہے۔ یعنی چھاٹنے،جوڑنے، تعمیر کرنے، خارج کرنے،صحیح کرنے، جانچنے کی محنت، یہ اذیت ناک محنت جتنی تنقیدی ہوتی ہے اتنی ہی تخلیقی ہوتی ہے۔میں تو یہاں تک کہوں گا کہ ایک تربیت یافتہ اور ہنر مند مصنف جو تنقید اپنی تصنیف پر کرتا ہے وہ بے حد اہم اور اعلیٰ درجے کی تنقید ہے۔‘‘32 وحید اختر نے بھی لکھا ہے کہ ’تخلیق نظریے یا اصول کو سامنے رکھ کر نہیں وجود میں آتی، بلکہ نظریے اور اصول تخلیق کے بعد ظہور میں آتی ہیں‘33 اس عمل سے واضح ہے کہ ادبی نظریات اس وقت تک معرض وجود میں نہیں آسکتے ہیں، جب تک کہ شعر وادب سامنے نہ ہو۔ شمس الرحمٰن فاروقی نے مختلف موقعوں پر اس بات کو دہرایا ہے کہ :
’’بہت ساری نظریاتی تنقید مخصوص فن پاروں کے ہی حوالے سے بات کرتی ہے۔‘‘ 34
’’تنقیدی نظریات فن پاروں کی روشنی میں مرتب ہوتے ہیں۔‘‘ 35
’’نظریاتی تنقید کا اگر کوئی جواز ہے تو یہی ہے کہ وہ فن پارے کے اصل وجود سے بحث کرتی ہے۔‘‘ 36
مخصوص فن پاروں سے وضع کردہ اصولوں کے متعلق فاروقی یہ سوال خود قائم کرتے ہیں کہ ان اصولوں کی صحت کا کیا جواز ہے، یعنی یہ کیسے تسلیم کر لیا جائے کہ جو فن پاروں کے پیش نظر اصول مستنبط کیے گئے ہیں وہ درست ہیں ، اگر اس کا جواز فن پاروں کا سامنے ہونا ہے، تو پھر یہ کیسے ثابت ہوگا کہ یہ فن پارے صحت مندہیں یا غیر صحت مند؟ 37 اپنے قائم کردہ سوال کا جواب وہ یوں دیتے ہیں کہ نظریات چو ں کہ ایسے فن پاروں سے مستنبط کیے گئے ہیں جن کی خوبی مرور ایام کے ذریعے مسلم ہو چکی ہے۔ یعنی امتداد زمانہ نے ان کی عظمت یاخوبی کے تاثر کو کم نہیں کیا ہے لہٰذا ان نظریات کو صحیح کہنا ہی پڑے گا۔‘‘38 فاروقی کے اس بیان سے یہ نکتہ سامنے آیا کہ تسلیم شدہ فن پاروں ہی سے اصول اخذ کیے جاسکتے ہیں ، اور ان کے تسلیم شدہ ہونے کی دلیل یہ ہو گی کہ مرور ایام کے ذریعے ان فن پاروں کی خوبیوں اور عظمتوں کو قبول کرلیا گیاہو۔ 
شعر و ادب کی جانچ پرکھ کے بعض اصول استقرائی ہوتے ہیں۔ مثلاً ہمارے اردو ادب میں ابتداً مرثیے کی کوئی ہیئت مخصوص نہیں تھی،بلکہ مختلف ہیئتوں میں مرثیے تخلیق کیے گئے۔لیکن میر ضمیر کے بعد یہ قرار پا لیا گیاکہ مرثیہ کی مخصوص ہیئت مسدس ہی ہوگی۔ مرثیے کی ہیئت کے لیے مسدس کا تعین۔یا اسی طرح مرثیے کے موضوعات،کرداروں کے اعمال و افکار، عادات و اطواراور جغرافیائی خصوصیات کو خالص ہندوستانی تسلیم کرلیا گیا ہے۔ یا اسی طرح اردو شعر و ادب کی مختلف اسمائے اصناف کا تعین بہ اعتبار خواص وغیرہ۔ لہٰذا اس طرح کی معیار بندی کو استخراجی نہیں بلکہ استقرائی کہا جائے گا۔یعنی شعر وادب کی معیار بندی کے وہ اصول جو مثالی ادب پاروں سے اخذ کیے جائیں ،وہ استخراجی اصول کہلائیں گے، اور شعر و ادب کی وہ معیار بندی جو تسلیم شدہ حوالوں کی بنیاد پرہمارے ناقدین کے مابین قرار پا جائے، اسے استقرائی اصول کہیں گے۔ 
شعر و ادب کی جانچ پرکھ کے لیے بعض تخصیصی اور ترجیحی اصول سازی بھی ہوتی ہے۔اس طرح کی معیار بندی کو ہم امتیازی اصول کہہ سکتے ہیں۔آج ادبی تنقید کے منظر نامے پر بہت سی تنقیدی جہتوں /طریق کاروں کاتصرف نظر آتا ہے۔ہر جہت اپنا مخصوص نظریہ رکھتی ہے۔اور وہ اسی روشنی میں شعر وادب کا امتیازی مطالعہ کرتی ہے۔ وہ اس طرح کہ ادب کی صفات ،امتیازات اور خصوصیات کا تعین اپنے مقاصدی حصول کے زیر اثر وضع کرتے ہیں۔مثلاً جمالیاتی ناقدین کے یہاں اپنا مخصوص تنقیدی نظام ہے۔ترقی پسندوں کے یہاں ان کاذاتی تصور ادب ہے۔لسانیاتی ناقدین کا تنقیدی معیار علاحدہ۔ ہیئتی نقادوں کے یہاں ادب کی تعریف اور اس کو پرکھنے کا پیمانہ منفرد۔ان تمام مکتبۂ فکر کے انفرادی اور امتیازی ادبی اور تنقیدی تصورات ہیں، جن کو ہم بلا تامل امتیازی اصول کہہ سکتے ہیں۔ہاں یہ نکتہ ملحوظ خاطر رہے کہ خانہ بند طریق نقد شعر و ادب کے مطالعے کا کلی حربہ /تجربہ نہیں، بلکہ یہ جزوی حیثیت کا متحمل ہوتا ہے۔حالانکہ نقاد کو خانہ بند نہیں ہونا چاہیے،تاکہ ادب کے مطالعے میں یک رخا پن پیدا نہ ہو۔ بقول آل احمد سرور’اردو میں تنقید اچھی اچھی لکھی گئیں، مگر صحیح تنقید جس کا راستہ بال سے زیادہ باریک ہے اسی وجہ سے زیادہ ترقی نہ کر سکی،(کیونکہ ) مختلف ٹولیوں نے اسے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا‘‘ 39 یہ حقیقت ہے کہ خانہ بند ناقدین نے اپنے طبقاتی نقطۂ نظر کی تنگ دامنی کے باعث اردو تنقیدکو خاصا نقصان پہنچایا۔
امتیازی اصولوں کاادبی نظریہ دائمی نہیں ہوتا بلکہ وقتی ہوتا ہے ،کیونکہ ادب تغیر پذیر ہے اور ادبی تخلیق اپنے مخصوص عہد کی غماز ہوتی ہے اور نظریات اپنے وقت کے تقاضوں کے پیش نظر تشکیل پاتے ہیں۔ اس لیے یہ ضروری نہیں کہ آج کے وضعاتی اصول کل کے لیے بھی کارگر ہوں۔کیونکہ بقول کلیم الدین : ’ہر زمانہ اپنی نظر الگ ر کھتا ہے اور اسی نظر سے وہ نئے اور پرانے ادب کو دیکھتا ہے۔اس کا تجزیہ کرتا ہے۔ اس کی خامیوں اور برائیوں کا پتہ لگاتا ہے۔‘ 40 مثلاً ترقی پسندوں کے نظریات آج عام طور پر قابل قبول نہیں، کیونکہ ان کا تعلق جس دور کے تقاضوں سے تھا وہ قصۂ پارینہ ہو گیا۔ اور مستقبل بدل گیا حال میں ، کل جو حال تھا آج وہ ماضی میں تبدیل ہو گیا۔ اس لیے آج کے نظریات نے قدیم یعنی ماضی کے تصورات کو ڈھانپ لیا،جس کے بعض نقوش آج بھی نظر آتے ہیں۔لیکن اس ضمن میں ممتاز حسین کے اس قول کی بہت اہمیت ہے کہ ’نیا مذاق سخن ،پرانے مذاق سخن ہی کی گود سے پیدا ہوتا ہے۔‘‘ 41
اس لیے یہ بات واضح رہنی چاہیے کہ نظری تنقید کی اساس ،مقصد کی تکمیل پر ہی استوار کی جاسکتی ہے۔ یعنی نظریہ سازنقاد اپنے یا اپنے نقطۂ نظرسے اصول تنقید وضع کرتے ہیں،لیکن اس طرح کے اصول نہ استخراجی ہوتے ہیں اور نہ استقرائی، بلکہ امتیازی ہوتے ہیں،کیونکہ بعض نظریہ ساز نقاد کا ادبی مطمح نظر خالص ادبی ہوتا ہے اور بعض کا افادی۔ ان دو شقوں کی بھی مختلف اقسام ہیں ، جس کی متعدد مثالیں ہماری اردو تنقید میں دبستانوں کی شکل میں ملتی ہیں۔اس لیے نظریہ ساز ناقدین کے تنقیدی اصول ایک دوسرے کے اکثر متخالف اور متضاد ہوتے ہیں۔ اور یہ کبھی یکساں ہو بھی نہیں سکتے ۔ہاں اگر نقطۂ اتصال پیدا ہو بھی جائے تو یہ کلی نہیں بلکہ جزوی ہوتا ہے۔کیونکہ ہر دور کے کچھ ادبی تقاضے مخصوص ہوتے ہیں،جس کا اثر شعوری اور غیر شعوری طور پر ادب پر پڑتا ہے۔ جب ادب اپنے دور کے تقاضوں سے متاثر ہے ، تو تنقید بھی لازماً متاثر ہوگی۔اسی بنیاد پر ٹی ایس ایلیٹ کاخیال ہے کہ ’ یہ بات واضح رہے کہ ہر نسل اپنا ایک نیا نقطۂ نظر رکھتی ہے،اور یہ نقطۂ نظر نقاد کی تحریروں میں شعوری طور پر ظاہر ہوتا ہے‘‘ 42 نیز بقول محمد حسن :
’’نظریے خود بدلتے ہوئے سماجی تقاضوں کے ہاتھوں ٹوٹتے پھوٹتے رہتے ہیں۔ آج کا نظریہ کل کے لیے قابل قبول نہیں۔کل کے نظریے آج ہم یکسر رد کر چکے ہیں ، یا ان میں ایسی ترمیم و تنسیخ کی ،کہ ان کی شکل و صورت بدل گئی۔‘‘ 43
بقول آل احمد سرور :
’’میں ادبی اصولوں کو اٹل نہیں سمجھتا نہ ادب میں مطلق العنانی اور آمریت کا قائل ہوں۔ میرے نزدیک تجربوں کی ادب میں ہمیشہ ضرورت ہے۔اور تخلیق میں اختراع اور جدت کی ہمیشہ قدر کرنی چاہیے،مگر ہر تجربہ پر ایمان نہیں لانا چاہیے133.. ادب میں انفرادیت/ خارجیت، اور عصریت تینوں کا میں قائل ہوں اور تینوں کو ایک دوسرے کی ضد نہیں سمجھتا۔‘‘ 44
یہ جاننا بھی بہت ضروری ہے کہ نظریات کیوں کر بنتے اور بگڑتے ہیں ؟نظریات کے بننے اور بگڑنے کا جہاں تک بنیادی تعلق ہے وہ فن پاروں پر موقوف ہے۔جب ایک دور کی مسلمہ تہذیب، ثقافت اور روایت نئے دور کے عصری مسائل اور تقاضوں کو اپنے اندر ضم کرکے تازہ دم ہوتی ہے ،تو پھر سابقہ رویوں میں بھی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔انھیں تبدیلیوں کے زیر اثر ادب بھی متاثر ہوتا ہے،یہ ادبی تاثر نظریات پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ جس کے باعث از سر نو اصولوں کی شیرازہ بندی کرنے کی اشد ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ اس عمل سے ہر دورمیں نظریہ ساز ناقدین کے تین طبقے وجود میں آتے ہیں۔ ایک طبقہ وہ ہوتا ہے جو خالص ماضی پرست ہو جا تاہے، دوسرا طبقہ جدید یت پسند ہوجاتا ہے، تیسرا طبقہ ماضی اور حال دونوں کو ساتھ رکھ کر توازن پیدا کرنے کوشش کرتا ہے۔مثلاً مغلیہ سلطنت کے زوال کے بعد مغربیت کا تسلط ہوا۔ تو ہمارے اردو ناقدین کو عصری تقاضوں کے پیش نظر از سر نو ادبی اصول سازی کی ضرورت محسوس ہوئی۔ حالی نے مغرب کی پیروی کا اعلان کیا،لیکن شبلی نے مشرقیت کو مضبوطی سے تھامے رکھا،جب کہ امداد امام اثر نے مشرق و مغرب دونوں کی پیروی کی وکالت کی۔ایک عرصہ کے بعد ترقی پسندیت کا دورآیا، تو پھرایک طبقہ ماضی پرست ہوا، دوسرا طبقہ روایت کا مخالف ہوا، اور تیسرے طبقے نے ماضی اور حال دونوں کے اقدار کو قبول کیا۔کچھ ہی سالوں کے بعد نیا رجحان سامنے آیا،تو پھر اسی طرح کے تین طبقے پیدا ہوئے۔ یہ سلسلہ ہمیشہ چلتا رہتا ہے۔مذکورہ بحث کو میں نے طول اس لیے دیا ،تا کہ نظریات کے بننے اور بگڑنے کی اساس کو سمجھنے میں آسانی ہو۔نیز یہ بھی واضح ہو جائے کہ نظریات کتاب کے اوراق کی طرح آناً فاناً بدلتے نہیں ہیں، بلکہ کتاب کے صفحات پر پڑے ہوئے ہندسہ کی طرح ہیں، جس کا وجود آگے اور پیچھے کے ہندسہ کی وجہ سے ہے۔ کہنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ماضی کی پہچان مستقبل سے ہوتی ہے اور مستقبل کی پہچان حال سے ہوتی ہے اور حال کی پہچان ماضی اور مستقبل دونوں سے ہوتی ہے۔ پھر یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ ماضی کے ادبی نظریات کو چھوڑ کر حال کے ادبی نظریات کو سمجھا جاسکے؟ اس لیے اپنے اپنے وقت کے ناقدین مذکورہ تینوں طبقوں کے نظریہ ساز ناقدین کے اصولوں کا تجزیہ، تقابل،فیصلہ،اور ان تینوں مراحل سے پیدا شدہ مسائل اور میلانات کی دریافت ، ترمیم و تنسیخ ، رد وقبول میں سرگرداں رہتے ہیں۔بعض ناقدین فکری تنوع کے عالی ظرف سے معریٰ ہوکر محض خانہ بند تصورات کے تلے دب کرفن پاروں کو دیکھتے اور پرکھتے ہیں،پھر نتیجتاً ادبی امکانات پرعصبی پردہ اس قدر حائل ہوتا ہے کہ گردش لہو صحت مندی سے بعد اختیار کر لیتی ہے جس کی وجہ سے آج یہ مشکل در پیش ہے کہ اردو تنقید میں نظریات کا غلبہ ہے،لیکن ان میں سے بیشتر نظریات ہمارے ادب کے لیے کار آمد نہیں ،کیونکہ ان کے رشتے ادبی نظریہ سازی کے بجائے شخصی نظریہ بازی سے علاقہ رکھتے ہیں۔اوریہ بات واضح رہنی چاہیے کہ اگر شعر وادب کی جانچ و پرکھ غیر ادبی پیمانوں سے کی جائے گی تو اس کے نتائج منفی اور گمراہ کن ثابت ہو ں گے۔بقول شمس الرحمن فاروقی’تنقیدی نظریات کا تفاعل یہ ہے کہ وہ فن پارہ اور غیر فن پارہ میں تفریق و تمیز کرتے ہیں اور ان کے سہارے ہم فن پاروں کی وضاحت اور تعیین مراتب بھی کر سکتے ہیں۔‘‘45 فاروقی نے یہی بات دوسری جگہ بڑی عمدگی سے لکھی ہے کہ’نظریاتی تنقید کا سب سے پہلا کام یہ ٹھہرا کہ وہ فن پارے کی پہچان فن پارے کے حوالے سے متعین کر سکتی ہے۔‘‘ 46
عملی تنقید کے بنیادی مباحث
عملی تنقید کسی خاص تصور نقد یعنی مخصوص یا معینہ اصول و ضوابط،خصوصیات،صفات اور امتیازات کی روشنی میں فن پارے کو جانچتی اور پرکھتی ہے۔ یہ نت نئے طریقے، اسلوب اور تناطر سے فن پارے کو پرکھ کر اس کی تفہیم، توضیح اور تجزیے کے ذریعے متن کوسمجھنے کی کوشش کرتی ہے۔ یہ فن پارے کی تہہ در تہہ میں اتر کر اس کی باریکیوں کا پتہ لگاتی ہے،تاکہ مزید دریافتیں موصول ہوں۔عملی تنقید کا براہ راست تعلق چونکہ متن کے دونوں پہلوؤں یعنی مواد اور ہیئت سے ہوتا ہے اس لیے وہ اصل متن کوموضوع بحث رکھ کراس کے محاسن و معائب کو مع اسباب وعلل پیش کرتی ہے۔ بہ الفاظ دیگرعملی تنقید شعر وادب کامطالعہ اس طرح کرتی ہے کہ متن کی افہام و تفہیم اور مراتب فن کے گنجلک پن،ابہام و اشکال کے امکانات کسی حد تک معدوم ہو جاتے ہیں۔اس لیے یہ کہا جا سکتا ہے کہ عملی تنقیدقاری کو یوں بیدار کرتی ہے کہ اس کی کی فہم و بصیرت اور لطف اندوزی میں قدرے اضافہ ہوتاہے۔مشرق و مغرب کے اہم ناقدین نے عملی تنقید کی تعریف اور اس کے جواغراض و مقاصد بیان کیے ہیں ان کو درج ذیل میں پیش کیا جاتا ہے۔آئی اے رچرڈس کے مطابق :
’’عملی تنقید نظم کا تجزیہ، نظم میں استعمال کیے گئے الفاظ، بحر، اوزان،آہنگ، کیفیات ، ماحول ، کشش اور معانی و مطالب ان ہی سب باتوں کا نام ہے۔‘‘ 47
رابرٹس(Mark Roberts) اور راڈوے(Allan Rodway)دونوں نے غیر عصبیت کی شرط لگا کر فن پارے کا بغور مطالعہ کرنے کو عملی تنقید کہا ہے۔ان دونوں نے اپنے مشترکہ مضمون’عملی تنقید ‘ (Practical Criticism)میں عملی تنقید کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ :
’’عملی تنقید کسی ادب پارے کو غور سے اور بغیر کسی تعصب کے پڑھنے کا نام ہے۔عملی تنقید کے ذریعے شاعری کو نا شاعری اور اچھی شاعری کو خراب شاعری سے ممیز کیا جا سکتا ہے۔‘‘ 48
پہلی جنگ عظیم کے پندرہ سال بعد آئی اے رچرڈس کی کتاب (Practical Criticism) 1929میں منظر عام پر آئی، اور اسی کتاب نے (مخصوص)عملی تنقید کی بنیاد ڈالی، اس نوع کی عملی تنقید کرنے والوں میں ایف آر لیوس(F.R.Leavis)،ولیم ایمپسن( Sir William Empson)، ولیم کے ( William K.)،اورالین ٹیٹ(Allan Tate)وغیرہ کے نام خاصے قابل ذکر ہیں۔اس میں ادب پارے کو منفرداکائی کی حیثیت سے پرکھنے کی کوشش اور عام طور پر فن پارے کے لفظی پیکر اور محاورات پر خاص توجہ صرف کی جاتی ہے۔ اس فکرکے بیشتر ناقدین مواد کے برعکس ہئیت کو اپنا خاص موضوع نقدبناتے ہیں۔اور مواد کے طور پر فکر ،لہجہ،احساس اور مقصد کو بھی مد نظر رکھتے ہیں۔ لیکن یہ ذہن نشین رہنا چاہیے کہ صرف اور صرف یہی عملی تنقید نہیں ہے ، بلکہ ہر وہ مطالعہ ،تجزیہ ، تعین قدر اور فیصلہ عملی تنقید ہے جو اپنے تسلیم شدہ اصولوں کی روشنی میں کیا جائے۔ بعض لوگوں کو عام طور پر یہی سمجھنے میں غلط فہمی ہوئی کہ انگریزی میں آئی اے رچرڈس اور اردو میں کلیم الدین احمدعملی تنقید کے موجد ہیں۔اس کا بنیادی سبب یہ رہا کہ ہمارے ذہن میں عملی تنقید کا مفہوم واضح نہیں تھا۔اور ہم اس سے قبل (Practical Criticism) جس کا اردو ترجمہ عملی تنقید کیا گیا،کے نام سے اور اس کی اصطلاح سے بالکل نا واقف تھے۔ اس لیے ہم نے عملی تنقید کو انگریزی میں آئی اے رچرڈس اور اردو میں کلیم الدین احمد کے سر باندھ دیا۔ حالانکہ ابتدئے افرینش سے ہی تنقید کی دونوں قسمیں وجود میں آچکی تھیں۔ کلیم الدین سے بہت پہلے ہمارے کلاسیکی ادب کے دیباچے،تقاریظ، اور تذکروں میں بھی عملی تنقید ملتی ہے، یہی نہیں بلکہ منظم طور پر’ آب حیات، کاشف الحقائق،مقدمہ شعر و شاعری،حیات سعدی، یاد گار غالب، شعر العجم اور موازنہ انیس و دبیر ‘میں عملی تنقید کے عمدہ ہی نہیں بلکہ مثالی نمونے موجود ہیں۔اگر ہم خود اپنے ناقدین کی عملی تنقید کی تعریفات پر غور کرتے تو یہ بات پیدا نہیں ہوتی۔جب آئی اے رچرڈس خود ہی کہتا ہے کہ’ عملی تنقید نظم(شاعری) کا تجزیہ، الفاظ،بحر ، اوزان، آہنگ، کیفیات ، ماحول،کشش اور معانی و مطالب ان ہی سب باتوں کا نام ہے‘ تو پھر یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ ادب موجود تھااور اس کے تفہیمی وسائل موجود نہیں تھے۔اب دیکھیے کہ ہمارے اردو ناقدین نے عملی تنقید کے متعلق کیا لکھا ہے۔ عبادت بریلوی عملی تنقید کے متعلق رقمطراز ہیں :
’’عملی تنقید اس کو کہتے ہیں جس میں کوئی نقاد انھیں بنائے ہو ئے (معینہ ) اصولوں کی روشنی میں کسی وقت کے ادب اور آرٹ کے کسی مخصوص شاہکار کو دیکھتا ہے ،پرکھتا ہے اور ان کا جائزہ لیتا ہے۔‘‘ 49
یوسف تقی کے نزدیک عملی تنقید فن پارے کی جراحی کا عمل ہے، جس کے ذریعے نقاد شعرو ادب کی نشتر زنی کرتا ہے۔انھوں نے عمل جراحی کی اصطلاح خوب وضع کی ہے،جس میں عملی تنقید کے تمام اغراض و مقاصد اور طریق کار سبھی کچھ سمٹ آئے ہیں ،نشتر زنی کا بنیادی مقصد ہی یہی ہے کہ عمل جراحی کے ذریعے فاسد مادے کو نکال دیا جائے تاکہ صحت مند عناصر مزید مضرات کی طرف نہ بڑھیں۔وہ لکھتے ہیں :
’’عملی تنقید تو ایک جراحی کا عمل ہے، جس میں نقاد خصوصی طور پر اپنی پسند و ناپسند کو بالائے طاق رکھ کر اپنی فکر و نظر اور علم کے وسیلے سے فن پارے کی نشتر زنی کرکے اس کے محاسن و معائب آشکار کرتا ہے۔‘‘ 50
عبدالمغنی نے عملی تنقید کو تبصرہ،تجزیہ، اور تعین قدر کا بہترین ذریعہ بتایا ہے۔وہ عملی تنقید کے لیے ان الفاظ کو مشتق کرتے ہیں :
’’عملی تنقید وہ ہے جس میں ادب اور تنقید کے اصول و تصورات اور نظریات و افکار کا اطلاق ادبی تخلیقات کے نمونوں پر کیا جاتا ہے۔ اور تجزیہ و تبصرہ کرکے بتایا جاتا ہے کہ یہ نمونے کن اوصاف اور اقدار و معیار کے حامل ہیں۔اور تاریخ ادب میں ان کی کیا قیمت و حیثیت متعین ہوتی ہے۔‘‘ 51
سلیم اختر کے خط قلم سے عملی تنقید کی تعریف دیکھیے :
’’جب نظری تنقید (یا کسی اور ذریعہ )سے وضع کردہ ضوابط وقوانین کی روشنی میں ادبی تخلیقات کے حسن وقبح کو اجاگر کیا جائے تو وہ عملی تنقید کہلاتی ہے۔‘‘ 52
مذکورہ تعریفات سے واضح ہو ا کہ شعر و ادب کا وہ مطالعہ جو اپنی مخصوص شعریات سے عبارت ہو عملی تنقید ہے۔ تو یہ پھر کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ بیسویں صدی کے یہ دونوں ناقدین عملی تنقید کے موجد ہیں ؟ ہاں یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ انگریزی میں آئی اے رچرڈس اوراردو میں کلیم الدین احمدعملی تنقید کے ایک مخصوص اور نئے طریق کار کے موجد ہیں۔ 53 اس لیے ان دونوں کو ایک نئے طریق کار کا موجدین کہا جاسکتا ہے۔ نہ کہ عملی تنقید کاموجدین !
بہر کیف نیاز فتح پوری کے نزدیک عملی تنقید کے تین مقاصد ہیں:اول تشریح ،دوم حکم،سوم تعین مراتب۔ تشریح سے ان کی مراد یہ ہے کہ زیر تنقید موضوع کے خارجی حال واحوال سے باخبر ہونا۔یعنی ناقد ، مصنف کے سوانحی حالات و واقعات سے واقفیت رکھتا ہو۔اگر چہ ایک طرح سے دیکھا جائے تو کسی فن پارے کو جانچنے اور پرکھنے کے لیے مصنف کے سوانحی حالات و واقعات سے واقفیت لازمی نہیں۔ کیونکہ متن کی توضیحات اور نہ ہی متن فہمی میں اس طرح کاعمل معاون ہے۔ کیونکہ زیر تنقید متن ہی تفہیم و تعبیر اور تعین قدر کے لیے کافی و شافی ہے۔ہاں اگر مصنف کے متنی سیاق تک رسائی مقصود ہو تو پھر اس کا مطالعہ مناسب ہے، لیکن یہ عمل لازمی نہیں بلکہ اضافی ہوگا۔حکم سے ان کی مراد یہ ہے کہ ناقد کسی فن پارے پر کوئی رائے قائم کرنے کے لیے ذاتی میلان یاانفرادی ذوق کو بنیاد نہ بنائے ،بلکہ اس کی مخصوص شعریات کی روشنی میں ہی فن پارے پر کوئی حکم نافذ کرے۔ نیاز فتح پوری کا یہ نکتہ غیر معمولی ہے۔عام طور پر ہوتا یہ ہے کہ ناقد اپنی ذاتی پسند وناپسند کے لحاظ سے فن پارے پرجب کوئی حکم لگاتا ہے، تووہ فن پارہ تاثراتی بیان کے باعث تعمیمات کا شکار ہوجاتا ہے۔ جو دوسروں کے لیے قابل قبول نہیں ہوتا۔جیسا کہ غزل پر حالی،عظمت اللہ اور کلیم الدین نے اپنی اپنی آرا صادر کیں،جس کو صاحب علم وفن نے کسی بھی درجہ میں قبول نہیں کیا۔انھیں نقظوں کے پیش نظر شمس الرحمن فاروقی نے اپنی مشہور کتاب ’شعر شور انگیز‘جلد چہارم میں دوران عملی تنقید غیر معمولی بات کہی ہے :
’’تنقید کے سلسلے میں بنیادی بات یہی ہے کہ نقاد کو چاہیے کہ وہ متن کو متن ہی کے اصول و قوانین کی روشنی میں پڑھے،اپنے مفروضات کی روشنی میں نہیں۔ اور متن کے جو اصول و قوانین وہ دریافت کرے ان کاپورا پورا ثبوت متن سے مل سکتا ہو133133133 یہ نہ کرنا چاہیے کہ ادب/متن کے بارے میں رائے پہلے قائم کرلی جائے اور پھر اسی کو ادب/ متن میں تلاش کیا جائے(یعنی ادب/متن کو اس ارادے کے ساتھ پڑھا جائے کہ ہم نے جو رائے پہلے سے قائم کر رکھی ہے، اسی کی صداقت کے ثبوت ہم ادب/ متن میں تلاش کریں گے)‘‘ 54
عام طورپر ہوتا یہی ہے کہ ہم اپنی ذاتی ترجیحات اورتخصیصات کو فن پارے میں تلاش کرتے ہیں،جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اگر کامیابی ملی ،تو پھر کیا کہنا !تعریف ہی تعریف،تحسین ہی تحسین،عظمت ہی عظمت۔ اور اگر کہیں ناکامی ہاتھ آئی، توپھر کیا پوچھنا! معائب کی زنبیل ہی کھو ل دی جاتی ہے۔اس نوع کی مثال اکثر خانہ بند، مکتبی تنگ نظر اور متشدد ناقدین کے یہاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ہر تحریک، دبستان یا رحجان کچھ عرصہ کے بعد خانہ بند ، مکتبی نظر اور متشدد بن جاتا ہے۔ اس طرح کی تنقید سے ایک نقصان تو یہ ہوتا ہے کہ تنقید کا معیار گرجاتا ہے اور دوسرے یہ کہ تخلیق کار ناقد کی دہلیز پراسی طرح جا گرتا ہے،جس طرح عوامی مشاعرے کا شاعر اپنی واہ واہی اور شہرت کی خاطر ادبی سطح سے گر کر عوامی سطح پر آجاتاہے۔ تیسرا نقصان یہ ہوتا ہے کہ عام قاری شعر وادب کی حقیقی مسرت، بصیرت اور آگہی سے بہرہ ور نہیں ہوتا ہے۔
بہر حال نیاز فتح پوری کے نزدیک تنقید کا تیسرا مقصد تعین مراتب ہے۔ انھوں نے کسی فن کار/ فن پارہ کے تعین قدر کے عمل کو نقاد کے فرائض میں شمار کیا ہے اور یہ حقیقت بھی ہے کہ ناقد جب کسی فن یا فن کار کی عظمت کا تعین کرتا ہے تو یہ عمل ایک طرح سے حاصل مطالعہ کی حیثیت رکھتا ہے۔کیونکہ ناقد کی حیثیت متن اور قاری کے مابین رابطے کی سی ہوتی ہے۔اس لیے وہ کسی تخلیق یا تخلیق کار کواپنے تنقیدی مراحل کی تجزیاتی جہت سے گزار کر منصہ شہود پر لاتا ہے۔لہٰذا تنقیدی مطالعے کاعین مقصد مصنف اور قاری کو ہم رکاب کرنا ہوتاہے، تاکہ قاری اس کے رموز واسرار،عظمت اقدار،اورادبی منظر نامے میں اس کی قدر قیمت کوخود سمجھ سکے اور دوسروں کو سمجھا بھی سکے،لیکن یہ اسی وقت ممکن ہو سکتا ہے جب اس کا یہ تنقیدی عمل اس کے مخصوص نظری ادب اور شعری نظام کے تابع ہو۔اگر اس کے برعکس معیار نقد وضع کیا گیا تو پھر یہ مطالعہ دوسروں کے لیے قابل قبول نہیں ہو سکتاہے۔اسی لیے ہمیشہ عملی تنقید کے عواقب نظریات کارفرما رہتے ہیں،اب اگر یہ نظریات تسلیم شدہ ،اور ادبی تقاضوں کے ترجمان ہیں، تو دوسروں کے لیے علی الرغم اس کے مطالعے اور فیصلے قابل قبول ہوں گے۔
ہاں ایک اہم اور ضروری نکتہ یہ ہے کہ یہ لازم نہیں کہ ناقد دوران مطالعہ جو معنی اخذ کرے وہ منشائے مصنف ہی ہوں۔اور یہ بھی ممکن نہیں کہ پہلی قرات میں متن سے پورے معنی یا حتمی معنی برآمد ہو سکیں۔ ہا ں یہ ممکن ہے کہ دوسری قرات یا دوسرا قاری ان معنی میں توسیع یا مختلف معنی برآمد کرے۔یہ بات قابل غور ہے کہ پچھلی چند دہائی قبل مغرب کے زیر اثر یہ تصور عام ہوا کہ تخلیق منظر عام پر آتے ہی اپنے خالق سے آزاد ہوجاتی ہے۔ یہ نظریہ کسی طرح درست نہیں۔ جس کی دلیل یہ ہے کہ تخلیق کار نے جن خیالات ،تصورات اور تناظرات میں متن کو تخلیق کیا ہے وہ ہمیشہ اس میں پیوست اور باقی رہیں گے۔مصنف جب بھی اپنے خیالات کی پیش کش میں الفاظ کا انتخاب کرتا ہے ، تو اس کا ایک حقیقی مفہوم ہوتا ہے ، بلکہ یو ں کہا جا سکتا ہے کہ مفہوم ہی کی بنیاد پر الفاظ کا تعین ہوتا ہے۔پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ متن مصنف سے آزاد ہے؟ اور اگر یہ مان بھی لیا جائے کہ متن اپنے مصنف سے آزاد ہے ،تو اس سے بڑا مسئلہ یہ پیدا ہو گا کہ ناقد کی تصرفانہ کاوشیں یکسر مہمل اور لغو ہوں گی، کیونکہ جب تخم ہی ناقص/خیالی ہے تو اس کی نشو ونما اور برگ و بار سبھی کچھ ناقص / خیالی ہوں گے۔ ہاں یہ کہہ سکتے ہیں کہ جب ہم کسی فن پارے کا مطالعہ کرتے ہیں تو مصنف کے خیالات کی ان جہتوں کو بھی دریافت کرلیتے ہیں، جہاں تک مصنف کے ذہن کی بھی رسائی نہیں تھی،لیکن اس کے باوجود ہمارا یہ سفر ہمیشہ تخلیق کارکی ذہنی کار کردگی سے علاحدہ اور آزاد نہیں ہوسکتا ہے۔اس لیے بلا خوف تردید کہا جا سکتا ہے کہ متن کبھی بھی مصنف سے آزاد نہیں ہو سکتا ہے۔
بہر کیف بحیثیت مجموعی عملی تنقید اپنی معینہ کسوٹی اور اپنے مخصوص طریق کار سے شعر و ادب کو جانچتی اور پرکھتی ہے۔ یہ تجزیہ اور تحلیل کرکے اس کی قدر و قیمت کا تعین کرتی ہے۔ عملی تنقید ہمیں یہ بتاتی ہے کہ کسی فن پارے کا موضوع کیا ہے،اس کی ادبی حیثیت کیاہے،اس کے تخلیقی محرکات کیا ہیں ، اس میں کتنی گہرائی اور وسعت ہے، موضوع کو جس سانچے میں ڈھالا گیا ہے وہ کس حد تک مناسب اور موزوں ہے،اس کی تکنیک کیا ہے، اسلوب کیسا ہے، غرض جملہ جوابات مہیا کرتی ہے۔عملی تنقید شعر وادب کا وسیع اور عمیق مطالعہ کرتی ہے۔یہ فن پارے کی لفظ بہ لفظ قرات پر زور دیتی ہے۔ یہ براہ راست متن کو پیش نظر رکھتی ہے۔اور دوسرے متون سے اقتضاً مقابلہ و موازنہ کرکے اس کی اچھائی اور برائی کو سامنے لاتی ہے۔یہ شعر وادب کا غیر جانب دارانہ مطالعہ کرنے کے بعد دیگر فن پاروں کے درمیان درجہ بندی کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ یہ اپنے طرز مطالعہ اور طریق کار کے لحاظ سے خالص توضیحی اور تجزیاتی تنقید ہے،جس کا مقصد اولاً ادب کی ادبی حیثیت کی شناخت ہے۔ یہ ان خارجی معلومات اور فروعی چیزوں سے اپنا دامن بچاتی ہے جن سے ادب کا براہ راست رشتہ قائم نہیں ہوتا ہے۔ اس کا مدعا یہی ہے کہ ادب کا اس طرح مطالعہ کیا جائے کہ قاری کی فہم وبصیرت اور لطف اندوزی میں اضافہ ہو۔مجموعی طور پرعملی تنقید فن پارے کے ممکنہ مفاہیم تک رسائی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔اس لیے بلاتامل کہا جا سکتا ہے کہ عملی تنقید ایک شفاف آئینہ ہے جس میں فن پارے کے ممکنہ خد وخال اظہر من الشمس ہوتے ہیں۔لہٰذا عملی تنقید فن پاروں کو سمجھنے اور اس کے حسن و قبح کو پرکھنے اور اس کی قدر وقیمت کے صحیح تعین کے لیے ایک عمدہ اور موثر عملی نظام ہے۔ مذکورہ مباحث کی روشنی میں بحیثیت مجموعی کہا جاسکتا ہے کہ نظری اور عملی تنقید کی ہم آہنگی کے بغیر ادبی تنقید کا وجود محال ہے۔ میں اپنی بات کو شمس الرحمن فاروقی کے اقتباس سے مستعار لے کر مکمل کرتا ہوں :
’’نظریہ بے روح ہے اگر وہ فن پارے کی وضاحت اور تعین قدر کے لیے کارآمد نہ ہو،اور محدود و مشکوک ہے اگر وہ کسی ایک فن پارے یاچند ہی فن پاروں سے آگے نہ بڑھ سکے۔ تنقید اگر ایک طرف ادبی نظریات کی روشنی میں فن پارے سے بحث کرتی ہے، تو دوسری طرف فن پارے کے حوالے سے ادبی نظریات پر بحث کرتی ہے۔ان دونوں عوامل میں سے کسی ایک کو نظر انداز کرنا،یا اسے کم اہم قرار دینا،ایسی بائیسکل پر سوار ہونا ہے جس کا ایک پہیہ ٹوٹ کر الگ ہو چکا ہے۔‘‘ 55
حوالے اور حواشی
.1 لوئیس معلوف، المنجد، مترجم : مولانا عبد الحفیظ بلیاوی (لاہور: مکتبۂ قدوسیہ، 2009)،918
.2 قاضی زین العابدین، بیان اللسان (کراچی : دارالاشاعت، مارچ2007)،839
.3 مولانا وحید الزماں قاسمی کیرانوی، القاموس الجدید (لاہور : ادارۂ اسلامیات، جون1990)904
.4 مولانا عبد الحفیظ بلیاوی، مصباح اللغات (لاہور: مکتبہ قدوسیہ، جولائی 1999)861-62
.5 سید عابد علی عابد، اصول انتقاد ادبیات (لاہور : مجلس ترقی ادب، 1966)،2
.6 نیاز فتح پوری، اصول نقد، مشمولہ’ اردو تنقید : منتخب مقالات‘ مرتبہ : حامدی کاشمیری (دہلی : ساہتیہ اکادی،1997)،52
.7 آل احمد سرور، تنقید کیا ہے (دہلی : مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ، 2011)159
8. http://www.victorian-era.org/Victorian-authors/matthew-arno ld- function -of -criticism. html, Accessed on : 17-09-2017
.9 بحوالہ سید عبد اللہ، اشارات تنقید، (دہلی : کاک آفسیٹ پرنٹرس،2002)،10
10. http://salirickandres.altervista.org/introduction-to-literary-criticism/Accessed on : 17/09/2017
.11 بحوالہ کلیم الدین احمد، ادبی تنقید، مشمولہ ’ اردو تنقید: منتخب مقالات‘ مرتبہ : حامدی کاشمیری (دہلی : ساہتیہ اکادمی، 1997) 81
12. The Literary Criticism of T.S. Eliot New Essays, Edited by David Newton-De Molina, Bloomsbury, London, New York, 2013, p.12
13. http://salirickandres.altervista.org/introduction-to-literary-criticism/ Accessed on: 17/09/2017
.14 آل احمد سرور، تنقید کیا ہے (دہلی : مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ،2011)،151-52
.15 عبد الغنی، تنقید مشرق، (دہلی : اردو بک فاؤنڈیشن،1987)،72
.16 ابو الکلام قاسمی، معاصر تنقیدی رویے (علی گڑھ : مسلم ایجوکیشنل پریس،2007)،7
.17 ایضاً :10 
.18 مرزا خلیل احمد بیگ، ادبی تنقید کے لسانی مضمرات (علی گڑھ : ایجوکیشنل بک ہاؤس،2012)،11
.19 وحید اختر، تخلیق و تنقید، مشمولہ ’اردو تنقید: منتخب مقالات’ مرتبہ : حامدی کاشمیری (دہلی : ساہتیہ اکادمی، 1997)، 224-25
.20 شمس الرحمن فاروقی، تنقیدی افکار ( دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،2004)،1-2
.21 عبادت بریلوی، اردو تنقید نگاری (دہلی : سود لیتھو پریس، 1970)،44
.22 شمس الرحمن فاروقی، تنقیدی افکار (دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،2004)،8-9
.23 سلیم اختر، تنقیدی دبستان (دہلی : اے پی آفسیٹ پریس،2003)،21
.24 شمس الرحمن فاروقی، شعر شور انگیز’ تمہید جلد چہارم‘ (دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،2008)،44 
.25 ابو الکلام قاسمی، معاصر تنقیدی رویے (علی گڑھ : مسلم ایجوکیشنل پریس،2007)،7
.26 آل احمد سرور، تنقید کیا ہے (دہلی : مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ، 2011)،159
.27 کلیم الدین احمد، اردو تنقید پر ایک نظر (پٹنہ : بک امپوریم، سبزی باغ،2010)،12
.28 سید احتشام حسین، تنقید اور عملی تنقید (لکھنؤ : اترپردیش اردو اکادمی، 2005)،29
.29 ایضاً : 14
.30 آل احمد سرور، پہچان اور پرکھ (دہلی : مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ، 1990)،25
.31 شمس الرحمن فاروقی، تنقیدی افکار (دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،2004)،24
.32 ٹی ایس ایلیٹ، تنقید کا منصب، مشمولہ ’ایلیٹ کے مضامین ‘ مترجمہ : جمیل جالبی (دہلی : ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس، 2007)264-265 
.33 وحید اختر، تخلیق و تنقید ۔ مشمولہ اردو تنقید : منتخب مقالات‘ مرتبہ : حامدی کاشمیری (دہلی : ساہتیہ اکادمی،1997) 315
.34 شمس الرحمن فاروقی، تنقیدی افکار (دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،2004)،8
.35 ایضاً : 14
.36 ایضاً : 31
.37 مذکورہ سوال اصلاً قارئین کے ذہنوں میں پیدا ہو سکتا تھا اس لیے اس کی وضاحت کی گئی ہے
.38 شمس الرحمن فاروقی، تنقیدی افکار (دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،2004)10
.39 آل احمد سرور، تنقید کیا ہے (دہلی : مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ،2011)، 145
.40 کلیم الدین احمد، اردو تنقید پر ایک نظر (پٹنہ : بک امپوریم، سبزی باغ،2010)،11
.41 ممتاز حسین ، تنقید کے چند بنیادی مسائل، مشمولہ ’تنقیدی نظریات، حصہ اول ‘ مرتبہ : سید احتشام حسین (لکھنؤ : اترپردیش اردو اکادمی،2009)،227
.42 ٹی ایس ایلیٹ، تجربہ اور تنقید، مشمولہ ’ایلیٹ کے مضامین‘ مترجمہ : جمیل جالبی (دہلی : ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس، 2007)،271
.43 محمد حسن، نظریاتی تنقید، مشمولہ ’اردو تنقید : منتخب مقالات‘ مرتبہ : حامدی کاشمیری (دہلی : ساہتیہ اکادمی،1997)،201
.44 آل احمد سرور، نئے اور پرانے چراغ (لکھنؤ : ادارۂ فروغ اردو زبان،1978)، 9-11
.45 شمس الرحمن فاروقی، تنقیدی افکار (دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، 2004)،23
.46 ایضاً : 31 
.47 بحوالہ ترنم مشتاق، عملی تنقید : اصول و عمل (کلکتہ : نیو ایشین پرنٹرس،1999)،12
.48 بحوالہ فضیل جعفری، کمان اور زخم (مالے گاؤں: جوز پبلی کیشنز،1986)،247
.49 عبادت بریلوی ، اردو تنقید نگاری (دہلی : سود لیتھو پریس،1970)،44
.50 یوسف تقی، مشمولہ ’عملی تنقید : اصول و عمل ’مصنفہ : ترنم مشتاق (کلکتہ : نیو ایشین پرینٹرس،1999)، پشت سرورق سے ماخوذ
.51 عبد المغنی، تشکیل جدید (پٹنہ : ڈی آرٹ پریس،1976)،74
.52 سلیم اختر، تنقید دبستان (دہلی : اے پی آفسیٹ پریس،2003)،21
.53 اس پر تفصیلی بحث نظریات کے تغیر میں کی جا چکی ہے۔
.54 شمس الرحمن فاروقی، شعر شور انگیز، جلد چہارم( دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،2008)،213
.55 شمس الرحمن فاروقی، شعر شور انگیز ’تمہید‘ جلد چہارم (دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،2008)،46
v
Shakir Ali Siddiqui
K- 66, Second Floor, Chinar Apartment, Batla House
Jamia Nagar, Okhla, New Delhi-110025
Mobile:- 9891579220 







قومی اردو کونسل کی دیگر مطبوعات کے آن لائن مطالعے کے لیے مندرجہ ذیل لنک پر کلک کیجیے


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تازہ اشاعت

گپت عہد میں تہذیب و تمدن اور نئی طاقتوں کا عروج، ماخذ: قدیم ہندوستان کی تاریخ، مصنف: رما شنکر ترپاٹھی، مترجم: سید سخی حسن نقوی

  اردو دنیا، اکتوبر 2024 عظیم الشان عہد: گپت شہنشاہوں کے دور حکومت کو اکثر ہندو تاریخ کے عہد زریں سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ اس میں کئی بڑے قا...