قومی اردو کونسل میں نئے مسودات کی اشاعت کے حوالے سے میٹنگ
نئی دہلی:قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں آج ایک میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں کونسل کو موصول ہونے والے مختلف مسودات/تراجم کی اشاعت کے سلسلے میں غور و خوض کیا گیا اورمیٹنگ میں شریک ماہرین کی رائے لے کر اس حوالے سے حتمی فیصلے کیے گئے۔اس میٹنگ کی صدارت پروفیسر تسنیم فاطمہ نے کی اور کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ قومی اردو کونسل ایک معیاری ادارہ ہے،اس لیے ہمیں یہاں سے معیاری کتابیں ہی شائع کرنی چاہئیں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت کئی ایسے اہم موضوعات ہیں،جن پر اردو میں بہت کم مواد دستیاب ہے،اس لیے ادب کی اشاعت کے علاوہ ہمیں اس پہلو پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ کونسل سےعصری موضوعات پر دوسری زبانوں میں شائع شدہ اہم کتابوں کے اردو تراجم کی اشاعت کااہتمام کیا جائے گا۔ میٹنگ کی چیئرپرسن پروفیسر تسنیم فاطمہ نے کونسل کے نومنتخب ڈائرکٹر کو مبارکباد پیش کی اور کتابوں کی اشاعت کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اردو میں نئے موضوعات،خصوصاً سائنس،ماحولیات اور لائف سائنس کے دوسرے گوشوں پر آسان زبان میں کتابیں مہیا کروانا ضروری ہے،تاکہ نئی نسل ان سے بخوبی استفادہ کرسکے۔
میٹنگ کے دیگر ممبران میں پروفیسر عارفہ بشریٰ(ڈین اسکول آف آرٹس و صدر شعبۂ اردو کشمیر یونیورسٹی)،ڈاکٹر سید مشیر عالم(سکریٹری اوڈیشا اردو اکیڈمی) اور جناب پی وی سوریہ نارائن مورتی(مہک حیدرآبادی،ڈپٹی نیوزایڈیٹرروزنامہ آندھرا جیوتی) آن لائن شامل ہوئے۔ان کے علاوہ کونسل سے ڈاکٹر کلیم اللہ(ریسرچ آفیسر)، ذیشان فاطمہ(ریسرچ اسسٹنٹ) اور جاوید عالم(ٹیکنکل اسسٹنٹ) بھی موجود رہے۔افروز عالم نے تکنیکی سپورٹ فراہم کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں