میرشناسی
کے باب میں نثار احمد فاروقی نہایت اہم نام ہے۔ میر تقی میر:شخصیت و فن کے حوالے
سے اس کتاب کی اہمیت اس لیے دوبالا ہو جاتی ہے کہ اس میں پہلی مرتبہ میر کے مستند
حالاتِ زندگی کو نہایت اختصارو جامعیت اور زمانی تسلسل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے
اور میرکے فن اور تصانیف پر اس طرح روشنی ڈالی گئی ہے کہ تمام پہلوؤں کا احاطہ ہو
سکے۔ساتھ ہی اس بات کا خاص اہتمام کیا گیا ہے کہ اس میں تنقیدی پہلو کم سے کم ہوں
تاکہ کتاب کا مقصد مکمل طور پر واضح ہو سکے اور بچوں کو زیادہ سے زیادہ معلومات
فراہم ہو سکیں۔ جس کا اظہار کتاب کے ابتدائیہ میں صاحب کتاب اس طرح کرتے ہیں کہ
”اس کتاب کا مقصد تنقید نہیں تعارف ہے ۔“
کتاب
کا پہلا باب ’سوانح حیات ‘ کے عنوان سے ہے جس میں 60 ذیلی عناوین شامل ہیں۔اس کے
ذریعہ مصنف نے میر کے ابتدائی حالات، خاندان، آبا و اجداد، پیدائش،تعلیم و تربیت،
ملازمت، ترک ملازمت، مختلف اسفار، دہلی پر حملوں کی روداد،میرکے آخری ایام کے
حالات اور تصنیفات و تالیف (جس میں غزل، قصیدہ ،مثنوی ،تذکرہ،آپ بیتی ،دواوین اردو
و فارسی) وغیرہ پر اس انداز سے روشنی ڈالی گئی ہے کہ میر سے متعلق تمام اہم گوشوں،
واقعات وحالات تک بآسانی رسائی ہو جاتی ہے اور اس وقت کے سماجی و سےاسی پس منظر سے
بھی آگاہی ہو تی ہے۔ مصنف نے فرداً فرداً میر کی تقریباً تمام تخلیقات کا ایک دو
پیراگراف میں جائزہ لینے کی بھی سعی کی ہے۔
کتاب
کا دوسرا باب ’میر کا فن ‘ کے عنوان سے 16 صفحے پر مشتمل ہے جس میں موصوف نے میر
کے فن پر بحث کرتے ہوئے ان کی غزل گوئی کے مختلف پہلوؤں اور جہات کو اجاگر کیا ہے
ساتھ ہی میر کے اہم اور مشہور اشعار کی تشریح کرتے ہوئے اپنی تنقیدی آرا سے بھی
قارئین کو روشناس کرایا ہے۔ مثلاًمیر کے فن پر گفتگو کرتے ہوئے ایک جگہ لکھتے ہیں
: ”ہمارے شعرائے متقدمین میں اکثریت ایسے شاعروں کی ہے جنھوں نے شاعری کو ایک فن
یا صناّعی سمجھ کر برتا ہے۔ میر تقی میر نے شعر کو فن تو سمجھا ہے لیکن اپنی ذات
کے اظہار کا وسیلہ بنایا ہے جس کے پردے میں اپنی آپ بیتی اور محسوسات بیان کرتے
رہے:
کیا
تھا شعر کو پردہ سخن کا
وہی
آخر کو ٹھہرا فن ہمارا
میرکی توجہ شعر کی ہیئت
اور اس کی معنویت دونوں پر رہتی ہے جس کا اظہار میر کے مختلف شعر سے بھی ہوتا ہے۔
نثار احمد فاروقی نے میر کے فن پر اشعار کی حوالے اوران کی تشریح و تحلیل کے توسط
سے میر کی فن کارانہ عظمت کو واضح کرنے کی کوشش کی ہے اور ان کے اسلوب فن کی
خوبیوں کو سراہتے ہوئے انھیں ’لفظوں کا مصور‘ بھی تسلیم کیا ہے۔ میرکی شاعری پر
اظہار خیال کرتے ہوئے مصنف نے میر کی شعری کائنات، اسلوب بیان، الفاظ و تراکیب،
زبان و بیا ن اور شخصی کیفیتوں کو اس خوبی سے برتا ہے کہ وہ پورے ماحول کا آئینہ
بن کر ہمارے سامنے آتی ہے جس سے میر کی شخصیت اپنی آب و تاب کے ساتھ جلوہ نما ہوتی
ہے۔
خدائے سخن میر تقی کا
شمار بنیادی طور پر غزل گو شعرا میں ہوتا ہے۔ انھوں نے شاعری کی تقریباً تمام
اصناف میں طبع آزمائی کی لیکن ان کی شہرت کا ایوانِ بلند غزل کے کیف آور اشعار پر
قائم ہے جنھیں تیر و نشتر سے تعبیر کیا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ میرکے فن نے اردو
شاعری میں ان بلندیوں تک رسائی حاصل کر لی ہے جہاں تک کم ہی شاعروں کی پہنچ ممکن
ہے۔یہی سبب ہے کہ خود مرزا غالب جیسے عظیم شاعر نے بھی میر کی استادانہ عظمت اور
فنکارانہ صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں’ریختہ کا استاد‘ تسلیم کیا ہے۔ وہیں
خاقانیِ ہند محمد ابراہیم ذوق نے میر کے کمالِ فن کو اس طرح سراہا ہے:
نہ
ہوا پر نہ ہوا میر کا انداز نصیب
ذوق
یاروں نے بہت زور غزل میں مارا
اسی
طرح میر کی عظمت کے معترف نواب مصطفی خان شیفتہ نے میر کے حوالے سے جو بھی کہا وہ
لفظ و معنی دونو ں اعتبار سے قابل تسلیم ہے کہ:”میر جیسے عظیم فنکار روز روز پیدا
نہیں ہوتے “۔ کتاب کا تیسرا اور آخری باب ’انتخاب کلامِ میر ‘کے عنوان سے
تقریباً102 صفحات پر مشتمل میر کے دیوانِ اوّل کی غزلیات کے ایک نمائندہ انتخاب پر
مبنی ہے جس مےں میر کی غزلیں اپنے مختلف موضوعات و اسالیب کے ساتھ اپنی اہمیت و
انفرادیت کا احساس دلاتی ہیں۔ اس حصے میں ایسی غزلوں کو منتخب کیا ہے جو عام فہم
اور سلاست سے پر ہیں جس میں روانی، سادگی اورلطافت پائی جاتی ہے۔
چند
اشعار ملاحظہ کیجیے:
چلتے
ہو تو چمن کو چلیے ،سنتے ہیں کہ بہاراں ہے
پات
ہرے ہیں،پھول کھلے ہیں،کم کم بادو باراں ہے
الٹی
ہوگئیں سب تدبیریں کچھ نہ دوا نے کام کیا
دیکھا
،اس بیماریِ دل نے آخر کام تمام کیا
آخر
میں کتابیات کے عنوان سے ان کتابوں کی فہرست شامل ہے جو کتاب کی تیاری میں ممدو
معاون ثابت ہوئی ہیں اور جس کا مقصد طالب علم کے لیے مزید تفصیلی مطالعے کا باعث
ہے۔
بحیثیت
مجموعی یہ کتاب میر اور ان کی شخصیت و فن کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
مبصر:اسما، ریسرچ
اسکالر، شعبہ اردوجامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی
کتاب
: میر تقی میر
مصنف:نثاراحمد
فاروقی
صفحات:191،
قیمت: 43 روپے
ناشر:قومی
کونسل برائے فروغ اردو زبان ،نئی دہلی
اگر آپ اس کتاب کوخریدنا چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل پتے
پر رابطہ کریں:
شعبۂ فروخت: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،ویسٹ بلاک8، وِنگ 7،آر کے پورم، نئی دہلی۔110066
ای میل: sales@ncpul.in, ncpulsaleunit@gmail.com
فون: 26109746-011
فیکس: 26108159-011
شعبۂ فروخت: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،ویسٹ بلاک8، وِنگ 7،آر کے پورم، نئی دہلی۔110066
ای میل: sales@ncpul.in, ncpulsaleunit@gmail.com
فون: 26109746-011
فیکس: 26108159-011
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں