22/11/17

تبصرہ اسلام، تعارف و تاریخ


اسلام، تعارف و تاریخ

اسلام ضابطۂ حیات ہے، قرآن درس حیات ہے اورمحمد ﷺ پیغمبر محبت اور معمار انسانیت ہیں۔ اسلام ایک الہامی اورآفاقی دین ہے۔ اس کی تعلیمات نہایت سادہ اور ہمہ گیر ہیں۔ اسلام میں مذہب کسی خاص طبقے یافرقے کی اجارہ داری نہیں ہے۔ اسے پیش کرنے کا طریقہ عقلی وفکری ہے۔ ہدایت یہ دی گئی ہے کہ عقلی دلائل سے ہی اسلام کو دنیا کے سامنے پیش کیاجائے۔ ’اسلام : تعارف وتاریخ‘ اسی اندازمیں لکھی گئی ایک اہم کتاب ہے جس میں جذباتیت کاکوئی دخل نہیں ہے۔

کتاب میں شامل پہلا مضمون ’اسلام: عقائد، عبادات اور معاملات‘ پروفیسر اخترالواسع نے تحریر کیا ہے جواسلام، عقائد، عبادات اورمعاملات کا احاطہ کرتا ہے۔ ڈاکٹرعمرفاروق کامضمون ’کلام الٰہی کی عملی تصویر: سیرت رسول“چالیس صفحات پہ محیط ہے۔ مصنف نے ابتدامیں ہی یہ واضح کر دیا ہے کہ سیرت رسول کے بنیادی ماخذ قرآن اورحدیث ہیں۔ کتاب الٰہی میں نبی کریم کی زندگی کے متعدد واقعات درج ہیں اور حدیث میں پیغمبراعظم وآخر کی ترسٹھ سالہ زندگی کا ہرنقش کسی نہ کسی انداز میں موجود ہے۔

مسئلۂ خلافت اورخلافت راشدہ پہ ڈاکٹر محمد ارشد کے مضمون میں یہ بات واضح کی گئی ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم جب تک اس دنیا میں رہے مسلمانوں کی قیادت ان کے ہاتھوں میں رہی۔ تمام دینی و دنیوی امور ومعاملات قرآن کی روشنی میں ان کی ہدایت پہ انجام پاتے رہے۔

’قرآن مجید‘ پہ ڈاکٹر وارث مظہری کامضمون قابل لحاظ ہے۔ اس میں قرآن مجید کا تعارف، مفہوم اورتاریخ بیان کرنے میں مصنّف کامیاب ہیں۔ مصنّف نے قرآن کے نزول یعنی ’وحی ‘کے مفہوم اوراندازکو بیان کرتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ قرآن یکبارگی کے بجائے تدریجی طور پہ نازل ہوا اور23 سالوں میں تکمیل کو پہنچا۔
’حدیث رسول: تعارف اورتعریف‘ اور’فقہ اسلامی: تعارف اورتاریخ‘میں حدیث وفقہ کی اہمیت، تفہیم اوراس کی تدوین کی کوششوں کااحاطہ کیاگیاہے۔

ڈاکٹر محمدخالدخاں نے اپنے مضمون میں حدیث کی اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے اس کی تدوین کے مراحل کو بخوبی واضح کیاہے۔ڈاکٹر فہیم احمدندوی نے اپنے مضمون ’فقہ اسلامی :تعارف و تاریخ‘ میں یہ صداقت بیان کی ہے کہ ﷲ نے قیامت تک انسان اورانسانی معاشرہ کی رہنمائی کے لیے قرآن کو نازل فرمایا۔ قرآن نے جامع نظام حیات پیش کیااورشریعت نے جائزوناجائزکے حدود مقرر کیے۔

ڈاکٹرمحمدارشد نے اپنے مضمون ’تصوف، مختصر تعارف و تحریک‘ میں صوفی ازم کو ردعمل کی تحریک بتایا ہے جس پہ کامل اتفاق کرنا ذرا مشکل ہے۔ یہ کہنا شاید صحیح نہیں ہے کہ دنیاوی حالات سے بدظن ہوکر درپردہ احتجاج بلند ہوا اور اس نے بعد میں منظم ہوکر تصوف کی صورت اختیارکرلی۔ یہ حقیقت تسلیم شدہ ہے کہ تصوف احتجاج نہیں بلکہ ظاہروباطن کی اصلاح کی کیفیت ہے۔

ڈاکٹر محمدارشد نے اپنے مضمون میں تصوف کے ان سلسلوں کی مختصرتاریخ اوربنیادی اوصاف و خصوصیات کو بخوبی بیان کیاہے۔ ہر عہد میں صوفیائے کرام نے بلا تفریق مذہب و ملّت خدمت خلق کوفوقیت دی اور صالح معاشرہ اور ملت کے قیام کے لیے سرگرم عمل رہے۔ اس کے علاوہ ان کے کشف و کرامات کاچرچا بھی عام رہا اورعوام الناس میں مقبولیت ومحبوبیت کا سبب بنا۔ ان کی ادبی خدمات بھی قابل قدرہیں لیکن مضمون نگار نے ان موضوعات کوقابل ذکر نہیں سمجھا ہے۔

کتاب میں آخری دو مضامین(1) اسلامی معاشرہ اوراسلامی حقوق (2) اسلام کا نظام اخلاق۔ حقوق بشر اور اسلامی معاشرہ میں رائج اخلاقی نظام سے ہے۔ کسی بھی معاشرہ کے ترقی پذیریاترقی یافتہ ہونے کامیزان اس کااخلاق، جذبۂ ایثار اوروسیع القلبی ہے۔ دونوں مضامین میں قرآن اورحدیث کے حوالوں سے یہ بات بخوبی واضح کی گئی ہے کہ اسلام کن انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور اسلام میں اخلاق واخلاص کی بنیادیں کیا ہیں۔
اس کتاب کے مرتبین اور تمام مقالہ نگار مبارک باد کے مستحق ہیں، کیوں کہ یہ اسلام کی روح تک رسائی حاصل کرا کے صحیح تناظر میں پیش کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس کتاب کا ترجمہ دیگر زبانوں میں جلدازجلدہوناچاہیے تاکہ اسلام کے متعلق غلط فہمیاں دور ہوں اور ملک و معاشرے میں مذہبی رواداری کی فضا ہموارہوسکے۔

کتاب کا نام:       اسلام، تعارف و تاریخ
مرتبین:             پروفیسراخترالواسع
 ڈاکٹر محمدارشد
صفحات:             288
  قیمت :            137 روپے
سنہ اشاعت:       2015
ناشر:                قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان،نئی دہلی
مبصر:              معصوم عزیز کاظمی، کاظمی ہاؤس،وہائٹ ہاؤس کمپاؤنڈ، گیا (بہار)

اگر آپ اس کتاب کو خریدنا چاہتے ہیں تو رابطہ کریں:
شعبۂ فروخت: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،ویسٹ بلاک8، وِنگ 7،آر کے پورم، نئی دہلی۔110066
ای میل: sales@ncpul.in, ncpulsaleunit@gmail.com
فون: 26109746-011
فیکس: 26108159-011

بچوں سے متعلق قومی اردو کونسل کی دیگر کتابوں کو آن لائن پڑھنے کے مندرجہ ذیل لنک پر کلک کریں:
http://urducouncil.nic.in/E_Library/urdu_DigitalFlip.html

کونسل کی دیگر ادبی کتابوں کے آن لائن مطالعے کے لیے مندرجہ ذیل لنک پر کلک کریں۔
http://urducouncil.nic.in/E_Library/urduBooks.html

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تازہ اشاعت

مغرب کی تقلید میں شعری ادب کا بھلا نہیں: رفیق جابر،خصوصی گفتگو، غضنفر اقبال

  ماہنامہ اردو دنیا، اگست 2024   غضنفراقبال:محترم رفیق جعفر صاحب!آج کا اُردو قاری یہ جاننا چاہتا ہے کہ آپ کی زندگی کے وہ کون سے سین ہی...