نئی دہلی: موجودہ دور انفارمیشن ٹکنالوجی کا دور ہے جس میں ہر آن نئی ترقیات ہورہی ہیں اور دنیا برق رفتاری کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، ایسے میں نہ صرف ہمیں جدید ٹکنالوجی میں مہارت حاصل کرنی ہوگی، بلکہ وقت کی رفتار کے ساتھ چلنے کے لیے بھی خود کو تیار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کونسل کے زیر اہتمام چلنے والے کمپیوٹر سینٹرز کے فائنل امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے درمیان انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر میں منعقدہ تقسیمِ اسناد کی تقریب میں افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ قومی اردو کونسل کا شروع سے یہ مقصد رہا ہے کہ اردو طلبہ و طالبات کو عصری ٹکنالوجی کی تعلیم سے بھی آراستہ کیا جائے اور اسی مقصد کی تکمیل کے لیے پورے ہندوستان میں ہم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرونکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی،چنڈی گڑھ(نائلیٹ) کے اشتراک سے سیکڑوں کمپیوٹر سینٹرز چلاتے ہیں،جہاں اردو سکھانے کے ساتھ کمپیوٹر اپلی کیشن، ملٹی لنگول ڈی ٹی پی، بزنس اکاؤنٹنگ اور دیگر متعدد اہم کورسز کروائے جاتے ہیں،ہمارے سبھی کورسز سرکار سے منظور شدہ ہیں اور نئے تعلیمی سیشن میں کچھ نئے کورسز بھی متعارف کروائے گئے ہیں، یہ سارے پروفیشنل کورسز ہیں جن کی تکمیل کے بعد سرکاری و غیر سرکاری شعبوں میں نوکری کے علاوہ ہمارے طلبہ اپنے طورپر بھی آئی ٹی سیکٹر میں اپنا کریئر بنانے کے اہل ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جن طلبہ و طالبات نے امتحان میں اعلیٰ نمبرات سے کامیابی حاصل کی میں انھیں،ان کے سینٹر کے ذمے داران اور گارجین کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ آپ مستقبل میں اپنی صلاحیتوں کا مفید استعمال کرکے اپنے خاندان اور معاشرہ و ملک کی گراں قدر خدمت انجام دیں گے اور جو امتیازی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے، انھیں بھی مایوس نہیں ہونا چاہیے، وہ بھی ہمارے اچھے طالب علم ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہمارے سبھی طلبہ و طالبات کا مستقبل روشن و تابناک ہوگا۔
نائلیٹ چنڈی گڑھ
کے ایگزیکیٹیو
ڈائرکٹر جناب سبھانشو تیواری نے بھی کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش
کی ،ساتھ ہی انھوں نے نائلیٹ کے نئے پر گراموں اور کورسز کے بارے میں بھی بتایا
اور کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹکنالوجی کا دور ہے، جس میں اختصاص اور مہارت
حاصل کرنا ضروری ہے۔ آپ کو ٹکنالوجی کے کسی ایک شعبے میں مہارت حاصل کرنی چاہیے،
تاکہ وقت کی ضروریات پوری کرسکیں اور اپنا کریئر بھی بناسکیں ۔انھوں نے کہا کہ
موجودہ وقت میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ ، سائبر سکیوریٹی وغیرہ پر آپ کی نظر ہونی چاہیے
اور اپنی دلچسپی کے مطابق میدان عمل منتخب کرنا چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ
آئی ٹی سیکٹر میں ملازمت کیسے حاصل کی جاسکتی ہے اور متعلقہ ادارے کو اپنی
صلاحیتوں اور قوت کار سے کیسے مطمئن کرسکتے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں