اردو
زبان اور کتابوں سے محبت رکھنے والے کثیر تعداد میں شرکت کریں: پروفیسر دھننجے
سنگھ
نئی دہلی: قومی کونسل
برائے فروغ اردو زبان کے ذریعے اردو کے فروغ کے لیے مختلف اسکیمیں چلائی جاتی
ہیں،جن میں سے ایک اہم اسکیم اردو کتاب میلہ بھی ہے۔ کونسل ہر سال دس روزہ کتاب
میلے کا انعقاد کرتی ہے، جس میں ملک کے مشہور و معروف اردو پبلشرز اپنی عمدہ علمی
و ادبیکتابوں کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ اس کے لیے ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص اردو
آبادی پر مشتمل شہروں کا انتخاب کیا جاتا ہے، تاکہ وہاں کے لوگوں میں اردو زبان
اور اردو کتابوں کے تئیں نئے سرے سے شوق و رغبت اور دلچسپی پیدا کی جائے۔ اس مرتبہ
کونسل نے ممبئی کے معروف تعلیمی و ثقافتی ادارے انجمن اسلام کے اشتراک سے باندرہ
کرلا کمپلیکس ،ممبئی میں اس میلے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ کتاب میلہ 6جنوری
2024سے 14 جنوری2024 کے دوران منعقد کیا جائے گا۔ کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسردھننجے
سنگھ نے اس میلے کے تئیں غیر معمولی جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ
مہاراشٹر میں اردو کے شائقین اور اس زبان سے محبت کرنے والے کثیر تعداد میں پائے
جاتے ہیں،ہزاروں اردو میڈیم اسکول اور کالجز برسرِ کار ہیں اور طلبا میں بھی اردو
سیکھنے کا غیر معمولی شوق پایا جاتا ہے، اس لیے ہم نے اس سال مہاراشٹر کے مرکزی
شہر ممبئی میں کونسل کے قومی اردو کتاب میلے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے،مجھے امید
ہے کہ اس کتاب میلے میں شہر ممبئی اور مضافات کے تمام محبان اردو غیر معمولی
دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے ،بڑی تعداد میں کتابیں خرید کر ان کا مطالعہ کریں گے جس
سے ان کے علمی و ادبی ذوق کی تسکین ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ اس میلے میں ہندوستان
بھر کے درجنوں ناشرینِ کتب شرکت کریں گے اور ہر قسم کی علمی و ادبی کتابیں بہت
مناسب قیمتوں پر بہ آسانی دستیاب ہوں گی۔ پروفیسر سنگھ نے کہا کہ کونسل کے کتاب
میلے ہمیشہ کامیاب رہے ہیں اور اب تک اس کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں پچیس میلے
منعقد کیے جاچکے ہیں، پچھلے سال تملناڈو کے شہر وانمباڑی میں اس کا انعقاد کیا گیا
تھا جس میں شائقین علم و ادب نے کم و بیش پچاس لاکھ کی کتابیں خرید کر ایک ریکارڈ
قائم کیا تھا۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ ممبئی کتاب میلے کے تئیں اردو طبقہ اس سے
زیادہ ذوق و دلچسپی کا مظاہرہ کرے گا اور یہ میلہ پچھلے اردو کتاب میلوں سے بھی
زیادہ کامیاب ثابت ہوگا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں