کتابوں سے نہ صرف ملکوں اور قوموں کی تصویر بدلتی ہے بلکہ تقدیر بھی سنور جاتی ہے اور ہمارے خوابوں کو نئی تعبیر بھی ملتی ہے۔ کتابیں اس روشنی کی مانند ہیں جو ہمارے باطنی وجود کو معطر اور منور کرتی ہیں اسی لیے ہر عہد میں کتابوں کی ضرورت محسوس ہوتی رہی ہے کیونکہ کتابیں ہی ہمیںتہذیبی، ثقافتی، تاریخی، علمی اور ادبی ورثے سے جوڑتی ہیں۔ اس ورثے کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ اسی لیے قومی اردو کونسل نے اپنی تاسیس سے لے کر اب تک اس علمی اور ادبی سرمایے کے تحفظ کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور اپنے اشاعتی سلسلے کے ذریعے گھر گھر علوم و فنون کی کتابیں عوام تک پہنچانے کا کام کررہی ہے۔
قومی اردو کونسل ایک ایسا ادارہ ہے جس نے ہندوستان جیسے کثیر لسانی معاشرے میں اردو کے علمی و ادبی سرمایے کی اشاعت اور فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس ادارے کی کچھ ایسی اسکیمیںبھی ہیں جن سے اردو زبان کی بقا اور تحفظ کے دروازے کھلے ہیں۔ اشاعت کے باب میں قومی اردو کونسل نے امتیازی نشانات مرتسم کیے ہیں۔ اس ادارے نے اب تک ادبیات، انسائیکلوپیڈیا ، لغات، تاریخ، تعلیم و تدریس، سوانح، مونوگراف، زبان و لسانیات، سائنس/ تکنیک/ جغرافیہ، سماجیات، سیاسیات، صحافت، طب و معالجات، فلسفہ، فنون لطیفہ، قانون، کتب خانہ داری و کتابیات، معاشیات/ تجارت، نفسیات، بچوں کا ادب پر 1400 سے زائد کتابیں شائع کی ہیںمگرکتابوں کی صحیح طور پر نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے اشاعتی تسلسل کو برقرار رکھنے میں بہت سی تکنیکی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ انہی اشاعتی دشواریوں اور دقتوں کے پیش نظر گذشتہ دنوں ’اردو کتابوں کی اشاعت اور فروغ کے نئے امکانات کی تلاش‘ کے عنوان سے ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں زیادہ تر شرکا اور مقررین نے کتابوں کی فروخت کے امکانات کی تلاش کے ساتھ عملی اقدامات پر بھی زور دیا۔ میٹنگ میں جو تجاویز پیش کی گئیں ان میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا کی عملی حصے داری، سینٹرل اور ڈپارٹمنٹل لائبریریوں کے ذریعے کونسل کی کتابوں کی خریداری، نصاب (Syllabus) میں ریفرنس بک اور استفادی کتابیات کی حیثیت سے کونسل کی کتابوں کی شمولیت اور جامعات کے اردو شعبہ جات میں قومی اردو کونسل کی کتابوں کی نمائش اور نئی مطبوعات پر مذاکرے کا اہتمام قابل ذکر ہیں۔ میٹنگ میں یہ بات طے پائی کہ یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالرز کو ترغیب دی جائے کہ وہ اپنے تعلیمی وظائف کا ایک حصہ کتابوں کے لیے ضرور مختص کریں اور اساتذہ کلاس روم لیکچرز میں طلبا کو مطالعے کی طرف راغب کریں۔ مزید یہ بھی کہا گیا کہ اساتذہ کے اندر بھی کتابیں خریدنے کا رجحان عام کیا جائے۔ قومی اردو کونسل چاہتی ہے کہ کالجز /اسکولز کے اساتذہ، طلبا اور محبانِ اردو بھی کتابوں کی فروخت کے سلسلے میں تعاون فرمائیں اور اپنے احباب اور اطراف واکناف میں لوگوں کو کتابیں خریدنے کی ترغیب و تحریک دیں تاکہ قومی اردو کونسل اپنے اشاعتی سفر کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھ سکے۔ قومی اردو کونسل یہ بھی چاہتی ہے کہ ہر علاقے میں مطبوعات کونسل کی نمائش اور فروخت کا اہتمام کیا جائے، اس سلسلے میں اردو کے اداروں اور تنظیموں کی معاونت کی بھی ضرورت ہے۔ اردو ادارے اورتنظیمیں کتابوں کی فروخت اور نمائش کے تعلق سے قومی اردو کونسل کو director@ncpul.in پر تجاویز ارسال کریں تو اس کو عملی جامہ پہنانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔
https://www.urducouncil.nic.in/downloads/price-list-ncpuls-publication-0
https://www.urducouncil.nic.in/e-library/pdf-book
https://www.urducouncil.nic.in/e-library/ncpul-magazines
https://www.urdu-elibrary.com/home
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں