اردو دنیا،اکتوبر 2025
اکیسویں
صدی میں مصنوعی ذہانت (AI) کا روزمرہ
زندگی میں بے مثال انضمام دیکھنے میں آیا ہے۔گھریلو کاموں کو انجام دینے والے
اسمارٹ اسسٹنٹس سے لے کر بچوں کی تفریح اور تعلیم پر اثر انداز ہونے والی الگورتھم
پر مبنی تجاویز تک، AI ٹیکنالوجی اب گھریلو ماحول
میں گہرائی سے رچ بس گئی ہے۔ آج کے دور میں خاندان نہ صرف روایتی والدین کی ذمہ
داریوں سے نبرد آزما ہیں بلکہ وہ اپنے گھروں میں موجود ڈیجیٹل نظام کی موجودگی کے
ساتھ بھی ہم آہنگ ہو رہے ہیں۔اس نئے منظرنامے میں والدین کے رویے، جنھیں ماضی میں
جذباتی قربت، نظم و ضبط اور باہمی ابلاغ و ترسیل جیسے عناصر سے تعبیر کیا جاتا
تھا، اب AI کے منطقی اور خودکار آلات کے اثرات
سے نئی شکل اختیار کر رہے ہیں۔ والدین کے طرزِ تربیت جیسے مقتدر، نرم خو، یا غفلت
آمیز رویّے اب اس بات سے بھی جڑنے لگے ہیں کہ وہ AI پر مبنی نظام جیسے تعلیمی ایپلی کیشنز، ڈیجیٹل معاونین یا نگرانی کرنے والی
ٹیکنالوجی کو کس طرح استعمال کرتے یا ان پر ذمہ داری منتقل کرتے ہیں۔اس رجحان نے ایک
نئے تصور کو جنم دیا ہے جسے محققین Intelligent Parenting کا نام دے رہے ہیں یعنی ایسا طرزِ پرورش جو بڑھتی ہوئی حد تک ڈیٹا، خودکاری
اور الگورتھمی رہنمائی پر انحصار کرتا ہے۔ والدین اب شیڈول بنانے، تعلیم دینے،
نگرانی کرنے اور بچوں کے رویے پر نظر رکھنے کے لیے AI استعمال کر رہے ہیں اور یہ سب کچھ اکثر کارکردگی، تحفظ اور بہتر نتائج کے
نام پر کیا جا رہا ہے ۔ اگرچہ یہ ٹیکنالوجی بعض حوالوں سے سہولت فراہم کرتی ہے مگر
اس کا حد سے زیادہ استعمال والدین کی جذباتی حساسیت، فطری ردِعمل اور اخلاقی بصیرت
کو کمزور کر سکتا ہے جو کہ انسانیت پر مبنی پرورش کی بنیاد سمجھے جاتے ہیں ۔
یہ
مقالہ درج ذیل تحقیقی سوالات کی روشنی میں مرتب کیا گیا ہے:
* مصنوعی ذہانت
والدین کے فیصلوں، اختیارات اور جذباتی وابستگی پر کس حد تک اثر انداز ہو رہی ہے؟
* AI پر مبنی ٹولز
کے استعمال سے والدین کے رویوں میں کس نوعیت کی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں؟
* AI والدین کے
کردار کو کہاں تک سہارا دے رہا ہے اور کہاں اسے بدل رہا ہے؟
اس
مقالے کا مقصد والدین کے روزمرہ کے رویوں پر AI کے اثرات کا
جائزہ لینا ہے اور خاص طور پر جذباتی (محبت پر مبنی) اور منطقی
(AI سے متاثرہ) طرزِ پرورش کے درمیان پیدا ہونے والے تناؤ کا تجزیہ کرنا ہے۔اس مقالے کے
دائرہ کار میں موجودہ علمی لٹریچر کا جائزہ، والدین اور AI کے تصوری سانچوں اور رویوں کی وضاحت اور ابھرتے ہوئے اخلاقی، نفسیاتی اور
سماجی خدشات پر تنقیدی بحث بھی شامل ہے۔
روایتی
پرورش کے نظریات اور اسالیب کا جائزہ
پرورش
ہمیشہ سے ہی نفسیات اور ارتقائی مطالعے کا ایک مرکزی موضوع رہا ہے جس کے ذریعے
ماہرین نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ والدین کا طرزِ عمل بچوں کی نشوونما کو کس طرح
متاثر کرتا ہے۔ روایتی نظریات والدین اور بچوں کے درمیان تعلقات میں جذباتی، رویہ
جاتی اور ادراکی (Cognitive) پہلوؤں
پر گہری روشنی ڈالتے ہیں—وہ پہلو جو اب مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی مداخلتوں کا سامنا کر رہے ہیں یا ان کی تکمیل کر رہے ہیں۔
1 بومرائنڈ کا
طرزِ پرورش(Baumrind's Parenting Styles): ڈائینا
بومرائنڈ (1966, 1991) نے والدین کے طریقۂ پرورش کے تین بنیادی طریقوں — مقتدرانہ (Authoritative)، آمرانہ (Authoritarian) اور
نرم گیر یا نرم دل (Permissive) کی
نشاندہی کی ہے۔ بعد ازاں میکابی اور مارٹن (1983) نے چوتھے طریقے یعنی غافل یا غیر
ملوث پرورش (Neglectful/Uninvolved) کا اضافہ کیا۔ یہ
اسالیب بنیادی طور پر والدین کی گرمجوشی (Responsiveness) اور کنٹرول (Demandingness) کی
سطح سے پہچانے جاتے ہیں۔ ذیل میںا ن کی تفصیل پیش کی گئی ہے:
* مقتدرانہ طرزِ
پرورش (Authoritative): مقتدرانہ طرزِ پرورش وہ اندازِ پرورش ہے جس میں والدین نظم و
ضبط کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہوتے ہیں لیکن ساتھ ہی بچوں کے ساتھ محبت، شفقت
اور مکالمے کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ ایسے والدین نہ صرف واضح حدود مقرر کرتے ہیں بلکہ
بچوں کی رائے اور جذبات کا احترام بھی کرتے ہیں۔یہ طرزِ پرورش توازن، رہنمائی اور
اعتماد پر مبنی ہوتا ہے جس سے بچوں میں خود اعتمادی، ذمہ داری اور بہتر سماجی رویّے
فروغ پاتے ہیں۔
* آمرانہ ر طرزِ
پرورش(Authoritarion): آمرانہ طرزِ پرورش وہ طریقہ ہے جس میں والدین سخت گیر، حکم
چلانے والے اور نظم و ضبط پر حد سے زیادہ زور دینے والے ہوتے ہیں۔ ایسے والدین
بچوں سے مکمل اطاعت چاہتے ہیں لیکن ان کی رائے، احساسات یا جذبات کو کم اہمیت دیتے
ہیں۔اس طرزِ پرورش میں گفت و شنید کی گنجائش کم ہوتی ہے اور والدین اکثر سزا کو
تربیت کا اہم ذریعہ سمجھتے ہیں۔ نتیجتاً بچے ڈر، بے اعتمادی یا بغاوت جیسے رویّوں
کا شکار ہو سکتے ہیں۔
* نرم خو ر طرزِ
پرورش: نرم خو طرزِ پرورش وہ طریقہ ہے جس
میں والدین بچوں پر بہت کم پابندیاں عائد کرتے ہیں اور ان سے زیادہ توقعات نہیں
رکھتے۔ ایسے والدین عام طور پر بچوں کی ہر خواہش پوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور
نظم و ضبط کے معاملے میں نرمی برتتے ہیں۔اس طرز میں والدین محبت اور حمایت تو
فراہم کرتے ہیں مگر حدود اور اصول قائم کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ نتیجتاً بچے
خودمختاری تو حاصل کر لیتے ہیں لیکن ان میں نظم، ذمہ داری اور خود پر قابو پانے کی
صلاحیت کم ہو سکتی ہے۔
* لاپرواہ طرزِ
پرورش یا غفلت آمیز طرزِ پرورش: لاپرواہ
طرزِپرورش وہ انداز ہے جس میں والدین نہ بچوں کی جذباتی ضروریات پر توجہ دیتے ہیں
اور نہ ہی ان کی نگرانی یا رہنمائی کرتے ہیں۔ ایسے والدین اکثر بچوں کی تعلیم، تربیت،
جذبات اور روزمرہ مسائل سے لاتعلق رہتے ہیں۔اس طرزِ پرورش میں محبت، توجہ اور نظم
و ضبط تینوں کی کمی پائی جاتی ہے جس کے نتیجے میں بچے احساسِ محرومی، کم اعتمادی
اور غیر صحت مند سماجی رویّوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔
یہ
طریقے آج بھی بچوں کی تربیت کے نتائج کو جانچنے کے بنیادی پیمانے سمجھے جاتے ہیں
اور جدید علمی مباحث میں ان کا اثر نمایاں ہے۔
.2 انسلاک کا نظریہ
(Attachment Theory):یہ نظریہ جان باؤلبی (1969) نے پیش کیا اور میری آئنزورتھ (1978) نے اسے
وسعت دی۔ اس کے مطابق بچپن میں والدین یا نگہبان کے ساتھ قائم ہونے والا ابتدائی
جذباتی تعلق بچے کی سماجی، جذباتی اور ادراکی نشوونما پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔اگر
بچے کو ایک محفوظ انسلاک (Secure Attachment) میسر آ جائے یعنی والدین حساس، دستیاب اور بچے کی ضروریات سے ہم آہنگ
ہوں—تو بچہ اعتماد، لچک اور جذباتی ذہانت جیسی خوبیاں سیکھتا ہے۔ اس کے برعکس، غیر
محفوظ یا منتشر انسلاک (Insecure or Disorganized Attachment) بچوں میں اضطراب، خود
سے لاتعلقی یا جارحانہ رویوں کو جنم دے سکتا ہے۔یہ نظریہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا
ہے کہ والدین کی جذباتی موجودگی، حساسیت اور قربت بچے کی ابتدائی ترقی کے لیے کلیدی
حیثیت رکھتی ہے۔
.3 سیکھنے کا سماجی
نظریہ (Social Learning Theory):ایلبرٹ بینڈورا
(1977) کے مطابق بچے اپنے رویے، اقدار اور معاشرتی اصولوں کے مشاہدے، نقل اور
نمونہ سازی (Modeling) کے ذریعے سیکھتے ہیں۔ اس نظریہ
کے تحت والدین محض نگراں نہیں بلکہ فعال کردار ساز (role models) ہوتے ہیں جن کے عمل اور ردعمل کو بچے شعوری اور لاشعوری طور پر
اپنا لیتے ہیں۔یہ نظریہ والدین کے طرزِ عمل کو نہ صرف جذباتی بلکہ ادراکی سرگرمی
بھی قرار دیتا ہے جہاں پیار اور تعلق کے ساتھ ساتھ مسلسل سیکھنے کے مواقع، سزا و
جزا کا توازن اور طرزِ زندگی کی مثال فراہم کرنا شامل ہوتا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ
اب انہی عملوں کو AI پر مبنی نظام جیسے ورچوئل اسسٹنٹس
اور ایجوکیشنل بوٹس کے سپرد کیا جا رہا ہے۔
.4 روایتی پرورش میں
جذبات و منطق کا توازن:روایتی نظریات اس امر پر متفق ہیں کہ مؤثر پرورش کی بنیاد
انسانی تعلق، اخلاقی رہنمائی اور جذباتی ہم آہنگی پر ہوتی ہے۔ ایسے عناصر جیسے
ہمدردی، پیار، حساسیت اور والدین کی دستیابی بچے کی شخصیت، سماجی مہارتوں اور
خودداری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔دوسری جانب منطقی پہلو — مثلاً ساخت
، مستقل مزاجی، رویے کو مضبوط کرنا اور ذہنی نمونہ سازی — نظم و ضبط، تعلیمی کامیابی
اور اخلاقی نشوونما کے لیے یکساں طور پر اہم ہیں۔تاہم یہ منطقی عمل ہمیشہ انسانی
تعلقات کے ذریعے اور ثقافتی و اخلاقی اقدار کے تناظر میں انجام پاتے رہے ہیں۔مگر
جب ان فرائض کو مصنوعی ذہانت پر مبنی آلات کے سپرد کیا جانے لگے تو یہ خدشہ پیدا
ہوتا ہے کہ جذباتی قربت، اخلاقی گفتگو اور انسانوں پر مبنی رہنمائی کہیں پس پشت نہ
چلی جائے۔ آج والدین AI کو شیڈول
بنانے، نگرانی کرنے اور تعلیمی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں جس
سے جذباتی تعلق کی شدت میں کمی کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔
گھریلو
زندگی میں مصنوعی ذہانت کا ظہور
مصنوعی
ذہانت (AI) اب کوئی محض تصوراتی یا مستقبل کی
چیز نہیں رہی—بلکہ وہ خاندانی زندگی کا ایک لازمی اور سرگرم حصہ بن چکی ہے۔ اسمارٹ
ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے گھریلو معمولات اور والدین و اولاد کے درمیان باہمی
روابط کے طور طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے۔ روزمرہ کے معمولات کی تنظیم سے لے کر
اسکرین کے استعمال کی نگرانی تک AI نے خاندان کی
زندگی میں ایک مستقل حیثیت حاصل کر لی ہے۔
.1 اسمارٹ گھروں، ڈیجیٹل
معاونین اور بچوں کی نگرانی کی ایپلیکیشنز کا کردار: ایمیزون الیکسا(Amazon
Alexa)، گوگل نیسٹ اور ایپل سری(Apple's
Siri) جیسے اسمارٹ گھریلو آلات نے مکالماتی مصنوعی
ذہانت کو روزمرہ کی پرورش کا حصہ بنا دیا ہے۔ یہ ڈیجیٹل معاونین بچوں کے سوالات کے
جوابات دینے، نیند سے قبل موسیقی چلانے، یاددہانی کرانے اور روشنی یا درجہ حرارت
کو کنٹرول کرنے جیسے کاموں میں والدین کی مدد کرتے ہیں۔ اسی کے ساتھ بچوں کی نگرانی
کے لیے استعمال ہونے والی ایپلی کیشنز اور GPS سے لیس پہننے کے قابل آلات والدین کو بچوں کی جائے وقوع، آن لائن سرگرمیوں
اور ممکنہ خطرات سے متعلق اطلاعات فراہم کرتے ہیں۔اگرچہ یہ ٹیکنالوجی والدین کو
سہولت اور ذہنی سکون مہیا کرتی ہے لیکن یہ والدین و اولاد کے تعلقات میں نگرانی کے
عنصر کو متعارف کراتی ہے جس سے اعتماد، خود اختیاری اور رازداری سے متعلق اخلاقی
سوالات جنم لیتے ہیں۔
.2 تعلیمی ٹیکنالوجی،
AI اساتذہ اور اسکرین کے وقت پر قابو پانے کے
آلات: مصنوعی ذہانت نے تعلیمی ٹیکنالوجی (EdTech) کے شعبے کو نئی جہتیں عطا کی ہیں۔ Duolingo، Khan Academy اور
Squirrel AI جیسے پلیٹ فارمز سیکھنے والوں کی کارکردگی
کے مطابق مواد فراہم کرتے ہیں اور ان کی کمزوریوں کی بنیاد پر اضافی رہنمائی اور
معاونت فراہم کرتے ہیں (Luckin et al., 2016)۔ایسے
AI اساتذہ اکثر ان والدین کے لیے ایک اہم سہارا بن جاتے
ہیں جو وقت یا وسائل کی کمی کا سامنا کرتے ہیں۔اسی طرح Google Family Link اور Apple Screen Time جیسے اسکرین مانیٹرنگ
ٹولز والدین کو ایسی AI پر مبنی ڈیش
بورڈز مہیا کرتے ہیں جن کے ذریعے وہ بچوں کے موبائل استعمال کی نگرانی، ایپلیکیشنز
کی حد بندی اور ڈیجیٹل نظم و ضبط قائم کر سکتے ہیں۔اگرچہ یہ ٹولز والدین کو اپنے
بچوں کی ڈیجیٹل عادات پر قابو پانے کی سہولت دیتے ہیں تاہم ان کی وجہ سے تربیت میں
انسانی مکالمے کی جگہ آہستہ آہستہ مشینی الگورتھمز لے رہے ہیں جس سے والدین اور
بچوں کے مابین جذباتی گفت و شنید متاثر ہو سکتی ہے۔
.3 والدین کا
الگورتھمی تجاویز پر انحصار:والدین کے طرزِ عمل میں ایک نمایاں تبدیلی یہ دیکھنے میں
آئی ہے کہ وہ مختلف گھریلو اور تربیتی فیصلوں میں اب مصنوعی ذہانت سے حاصل ہونے
والی تجاویز پر انحصار کرنے لگے ہیں۔نیند کے اوقات، غذائی منصوبہ بندی، تعلیمی
مواد کے انتخاب اور نظم و ضبط کی حکمت عملیوں کے لیے والدین AI پر مبنی سسٹمز سے رہنمائی لیتے ہیں (Saxena et al., 2023)۔YouTube Kids اور
Netflix جیسے پلیٹ فارمز بچوں کی عمر اور دلچسپیوں کے
مطابق مواد تجویز کرتے ہیں جس سے بچوں کی سوچ، رجحانات اور ذوق پر گہرا اثر پڑتا
ہے۔اگرچہ یہ الگورتھمک امدادی نظام (algorithmic aids) بظاہر مفید معلوم ہوتا ہے لیکن اس کی بنیاد پر کام کرنے والے الگورتھمز
اکثر ’بلیک باکس‘ کی حیثیت رکھتے ہیں یعنی والدین یہ نہیں جان پاتے کہ کس منطق پر یہ
سفارش کی گئی ہے۔یہ عدم شفافیت والدین کی فیصلہ سازی کے اختیار کو محدود کر سکتی
ہے اور انسانی فہم و دانش کو مشینی منطق کے تابع بنا سکتی ہے ۔
.4 ٹیکنوفیرینس(رشتوں
میں مداخلت کرنے والی ٹیکنالوجی):’ٹیکنوفیرینس‘ (Technoference) ایک اصطلاح ہے جو اُن روزمرہ کی مداخلتوں کی طرف اشارہ کرتی ہے
جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی وجہ سے انسانی روابط میں پیدا ہوتی ہیں۔ گھریلو سیاق و
سباق میں اس کا مظاہرہ اس وقت ہوتا ہے جب والدین بچوں کے ساتھ تعلقات کے بجائے اپنی
توجہ موبائل اسکرین یا دیگر آلات پر مرکوز رکھتے ہیں— جیسے کھانے کے دوران فون چیک
کرنا، کھیل کے وقت پیغامات کا جواب دینا یا بچوں کو بہلانے کے لیے ڈیجیٹل آلات پر
انحصار کرنا۔تحقیقی مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بلند سطح کی ٹیکنوفیرینس
والدین کی جذباتی حساسیت میں کمی، بچوں میں رویہ جاتی مسائل اور والدین و اولاد کے
درمیان جذباتی بندھن کی کمزوری سے جُڑی ہوتی ہے (Radesky et al.,
2015)۔
جیسے
جیسے AI گھریلو معمولات میں تیزی کے ساتھ
داخل ہورہی ہے یہ خدشہ بڑھتا جا رہا ہے کہ مشینی سہولت پسندی انسانی محبت، توجہ
اور باہمی تعلق کی جگہ لے لے گی۔
مصنوعی
ذہانت کے دور میں محبت اور منطق
ٹیکنالوجی
اور والدین کے مابین تعامل نے پرورش کے روایتی تصور اور اس کے عملی اطلاق میں ایک
گہرا مگر نازک تغیر پیدا کیا ہے۔ اس تبدیلی کے مرکز میں ’محبت‘ اور ’منطق‘ کے درمیان
کشمکش کارفرما ہے—والدین کے دو بنیادی پہلو جو اب مصنوعی ذہانت
(AI) کے عہد میں نئے سرے سے متعین اور تقسیم ہو رہے ہیں،
وہ درج ذیل ہیں:
.1 والدین کی پرورش
میں محبت کی ساخت:روایتی طور پر والدین کی محبت گرمجوشی، ہمدردی، جسمانی قربت،
جذباتی ردعمل اور مسلسل موجودگی کے ذریعے ظاہر ہوتی ہے۔ یہی اوصاف بچوں میں محفوظ
وابستگی، جذباتی توازن اور اعتماد پیدا کرتے ہیں (Bowlby, 1969؛ Ainsworth et al., 1978)۔محبت فطری، تعلقاتی
اور ارتقائی نوعیت کی حامل ہوتی ہے—اس میں بچے کی بدلتی ہوئی جذباتی ضروریات کو
محسوس کرنا اور نرمی سے جواب دینا شامل ہے۔محبت میں وہ لمحات بھی شامل ہوتے ہیں جب
والدین خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں، دکھ میں دلاسہ دیتے ہیں، خاموشی میں سکون دیتے ہیں
اور اخلاقی و جذباتی نشوونما کی پرورش کرتے ہیں۔یہ تمام عناصر ایسے ہیں جنھیں نہ
ناپا جا سکتا ہے نہ خودکار بنایا جا سکتا ہے اور نہ ہی مشینی منطق کے ذریعے دہرایا
جا سکتا ہے۔
.2 والدین کی پرورش
میں منطق کی ساخت:اس کے برعکس والدین کی منطق سے مراد وہ منظم اور مقصدی رویّے ہیں
جن میں معمولات کو قائم رکھنا، اصول بنانا، نتائج کا اطلاق کرنا اور نظام الاوقات
مرتب کرنا شامل ہے۔یہ طرزِ عمل کارکردگی، پیش بینی اور ذمہ داری کی تنظیم پر مبنی
ہوتا ہے—وہ تمام میدان جن میں AI بہترین کارکردگی
دکھاتی ہے۔منطقی پرورش اکثر کھانے کے منصوبے، سونے جاگنے کے معمولات،تعلیمی نگرانی
یا اسکرین کے استعمال کے ضوابط میں دکھائی دیتی ہے (Luckin et al., 2016)۔ اگرچہ یہ سرگرمیاں بچے کی علمی اور طرزِ عمل کی نشوونما میں
معاون ہوتی ہیں لیکن ان کا مرکز زیادہ تر نظم و ضبط ہوتا ہے جذباتی قربت نہیں۔
.3 مصنوعی ذہانت کی
وابستگی منطق سے نہ کہ محبت سے:مصنوعی ذہانت اپنی ساخت کے لحاظ سے منطق کے ساتھ زیادہ
ہم آہنگ ہے نہ کہ محبت کے ساتھ۔ یہ نظام بہتر نتائج، خودکار فیصلے اور ڈیٹا پر
مبنی اقدامات فراہم کرتے ہیں لیکن ان میں وہ جذباتی بصیرت اور داخلی فہم شامل نہیں
جو انسانی تعلقات کا خاصہ ہے۔مثال کے طور پر:
* اسمارٹ اسپیکر
بچوں کو دانت صاف کرنے کی یاددہانی تو کرا سکتے ہیں مگر جذباتی تسلی نہیں دے سکتے۔
* AI پر مبنی
اساتذہ تعلیمی مواد کو بچے کی رفتار سے ہم آہنگ تو کر سکتے ہیں مگر کسی چھوٹی کامیابی
پر سچی خوشی کا اظہار نہیں کر سکتے۔
* والدین کی نگرانی
کی ایپس ڈیجیٹل رویّے کی خلاف ورزیوں کی نشان دہی تو کر سکتی ہیں مگر بچے کی الجھن
یا تکلیف سے ہمدردی نہیں رکھ سکتیں۔
AI کا یہ حد سے زیادہ جھکاؤ منطق کی جانب پرورش کو صرف نظم و نسق
تک محدود کر دیتا ہے اور اُس جذباتی محنت کو نظرانداز کرتا ہے جو بچے کی شخصیت،
ہمدردی اور جذباتی تحفظ کو پروان چڑھاتی ہے ۔
.4 جذباتی پرورش اور
الگورتھمی عقل کے درمیان کشمکش:AI کے بڑھتے ہوئے
استعمال نے جذباتی پرورش اور الگورتھمی عقل کے درمیان ایک نئی نوعیت کی کشمکش کو
جنم دیا ہے۔ایک جانب AI والدین کو جدید
خاندانی زندگی کی پیچیدگیوں سے نمٹنے میں سہولت فراہم کرتی ہے، دوسری جانب یہ ایک
ایسا طرزِ پرورش فروغ دیتی ہے جو جذباتی ربط کے بجائے کنٹرول، نگرانی اور کارکردگی
کو ترجیح دیتا ہے۔والدین رفتہ رفتہ جذباتی موجودگی کو بھی آؤٹ سورس کرنے لگتے ہیں—مثلاً
سونے سے پہلے بچوں کو کہانیاں سنانے کے بجائے ڈیجیٹل کہانیاں چلوائی جاتی ہیں یا
گفت و شنید پر مبنی نظم و ضبط کے بجائے AI الرٹس پر انحصار
کیا جاتا ہے۔وقت کے ساتھ یہ رجحان تعلقات کی گہرائی کو کمزور کر سکتا ہے اور پرورش
ایک مشینی لین دین میں بدل سکتی ہے ۔مزید برآں الگورتھمی نظام اس بات میں شفاف نہیں
ہوتے کہ وہ کن ترجیحات کی بنیاد پر نتائج مرتب کرتے ہیں اور یہ ترجیحات اکثر
خاندان کی ثقافتی اقدار، جذباتی اہداف یا اخلاقی نظریات سے مطابقت نہیں رکھتیں
۔اصل چیلنج یہ ہے کہ AI منطق کی نقالی
تو کر سکتی ہے، مگر محبت کی نہیں—اور محبت ہی وہ بنیادی عنصر ہے جو بچوں کو جذباتی
طور پر صحت مند اور سماجی طور پر ذمہ دار بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
مصنوعی
ذہانت سے متاثرہ والدین کے طرز پرورش کا مجوزہ تصوراتی خاکہ
یہ
سمجھنے کے لیے کہ مصنوعی ذہانت والدین کے کردار کو کس طرح بدل رہی ہے، ضروری ہے کہ
ہم روایتی اقسام کے تحت آگے بڑھیں اور ایسا نیا تصوراتی خاکہ مرتب کریں جو
AI کے استعمال، جذباتی شمولیت اور والدین کی حکمتِ عملی
میں کنٹرول کے انداز کو جامع انداز میں واضح کرے۔یہ خاکہ باؤمرائنڈ
(Baumrind) جیسے کلاسیکی ماڈلز کی نفی نہیں کرتا بلکہ
انہی بنیادوں پر تعمیر کرتے ہوئے یہ واضح کرتا ہے کہ والدین کے کردار کو کس طرح ڈیجیٹل
ٹیکنالوجی نے سہارا دیا ہے یا کس حد تک اس کی جگہ لی ہے۔یہ مجوزہ اقسام اس بات کی
عکاسی کرتی ہیں کہ AI کس حد تک والدین
کے معمولات اور ان کے تربیتی و پروش کے طور طریقوں کو اثرانداز کررہی ہے، والدین کی
جذباتی موجودگی کس درجے پر ہے اور رہنمائی یا نگرانی کے غالب طریقے کیا ہیں۔ ہر
طرزِ پرورش روایتی نگہبانی اور عصری ڈیجیٹل طور طریقوں کا ایک امتزاج پیش کرتا ہے۔
جدول1:
مصنوعی ذہانت سے متاثر والدین کے طرزِ عمل
طرز
پرورش
AI کا استعمال
جذباتی
شمولیت
کنٹرول
کا طریقہ
نمائندہ
آلات و ایپس
الگورتھمی
نگہبانی
بلند
کم
ایپ پر مبنی
والدین
کی نگرانی کی ایپس، GPS
ٹریکرز
تقویت یافتہ مقتدرانہ
معتدل
بلند
AI کی رہنمائی کے سا تھ
اسمارٹ
اسپیکرز، تعلیمی
پلیٹ
فارمز
ٹیکنو-درگزر کرنے کا
طرز
بلند
غیرفال
بچے کی قیادت
پر مبنی
YouTube Kids ، AI پر مبنی ویڈیوز
باشعور سائبرگ نگہبانی
متوازن
بلند
انسانی رہنمائی
(شریک استعمال)
مشترکہ
AI ٹولز، تعلیمی گیمز
بے تعلق ڈیجیٹل
نگہبانی
نہایت بلند
نہایت
کم
مکمل
خودکار
ہوم
کیمرے، AI
نینیز،
خودکار
یاددہانیاں
.1 الگورتھمی
نگہبانی:اس طرزِ پرورش کی نمایاں خصوصیات میں ٹیکنالوجی پر حد درجہ انحصار اور
جذباتی شمولیت کی شدید کمی شامل ہے۔ والدین نگرانی، نظام الاوقات اور رویّے کی تنظیم
کو مکمل طور پر ایپس اور ڈیجیٹل آلات کے سپرد کر دیتے ہیں۔ کنٹرول کا طریقہ کار
مکالمے کے بجائے خودکار نظام پر مبنی ہوتا ہے۔اگرچہ یہ طریقہ کار موثر ہو سکتا ہے
لیکن یہ والدین و بچوں کے درمیان اعتماد اور گرمجوشی کو مجروح کر سکتا ہے
(Saxena et al.,2023)۔مثال کے طور پر
GPS ٹریکرز، اسکرین ٹائم کنٹرولرز اور
AI پر مبنی نگرانی کے نظام کے ذریعے بچے کے رویّے پر
گفتگو کے بغیر قابو پانا۔
.2 تقویت یافتہ
مقتدرانہ نگہبانی:یہ طرزِ پرورش Baumrind کے
مقتدرانہ ماڈل سے متاثر ہے اور اس میں AI کو محض ایک
معاون آلہ سمجھا جاتا ہے نہ کہ جذباتی شمولیت کا نعم البدل۔والدین
AI کو سیکھنے میں مدد یا معمولات میں معاونت کے لیے
استعمال کرتے ہیں لیکن جذباتی طور پر خود بھی موجود رہتے ہیں اور انسانی فہم و بصیرت
سے بچے کی رہنمائی کرتے ہیں۔مثال کے طور پر اسمارٹ اسپیکر کے ذریعے گھریلو کام یا
ہوم ورک میں مدد دینا لیکن ساتھ ساتھ روزانہ بات چیت اور جذباتی تبادلہ برقرار
رکھنا (Lee et al., 2021)۔
.3 ٹیکنو-درگزر
طرزِ نگہبانی:یہ طرز پرورش روایتی ’درگزر‘ یا ’نرمی پر مبنی‘ نگہبانی کا ڈیجیٹل
انداز پیش کرتا ہے جس میں بچوں کو AI پر مبنی مواد
تک بلا روک ٹوک رسائی حاصل ہوتی ہے۔یہ طرز عموماً سہولت یا تصادم سے بچاؤ کی خاطر
اختیار کیا جاتا ہے۔ والدین کی شمولیت نہایت کم ہوتی ہے اور AI کو محض تفریح یا توجہ بٹانے والے ذریعے کے طور پر استعمال کیا جاتا
ہے۔مثال کے طور پر بغیر والدین کی نگرانی
کے YouTube Kids یا Netflix جیسے پلیٹ فارمز پر بچوں کا گھنٹوں AI کی تجویز کردہ ویڈیوز دیکھنا (Radesky et al., 2015)۔
.4 باشعور سائبرگ
نگہبانی:یہ ایک ابھرتا ہوا طرزِ پرورش ہے جو AI اور انسانی موجودگی کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔اس میں والدین ٹیکنالوجی
کے استعمال میں بچوں کے ساتھ شریک ہوتے ہیں، مواد پر گفتگو کرتے ہیں اور تنقیدی
سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ AI یہاں ایک باہمی
طور پر سیکھنے کے آلے کے طور پر استعمال ہوتی ہے نہ کہ والدین کی جگہ لینے والی چیز
کے طور پر۔مثال کے طور پر تعلیمی ویڈیوز کو بچے کے ساتھ مل کر دیکھنا، AI چیٹ بوٹس کے ذریعے زبان سیکھنا اور بعد میں گفتگو کے ذریعے
جذبہ ہمدردی اور فہم کو پروان چڑھانا ۔
.5 بے تعلق ڈیجیٹل
نگہبانی :یہ الگورتھمی نگہبانی کی انتہا ہے جس میں والدین کی ذمہ داریوں کو مکمل
طور پر خودکار نظام کے حوالے کر دیا جاتا ہے—جیسے کھانے کی یاددہانی، نیند کی کہانی
یا نظم و ضبط کا نظام سب AI کے ذمے۔اس طرزِ
پرورش میں جذباتی موجودگی نہ ہونے کے برابر رہ جاتی ہے اور یہ طرز اُن خاندانوں میں
زیادہ عام ہو سکتا ہے جہاں وقت کی شدید قلت اور ٹیکنالوجی کا غلبہ ہو۔مثال کے طور
پر AI کیمرے کے ذریعے دور بیٹھ کر بچے کے
رویے پر نظر رکھنا، مگر براہِ راست گفتگو نہ کرنا۔
یہ
تصوراتی خاکہ بچے کی پرورش کے تصور کو AI کے دور میں نئے
سرے سے ترتیب دیتا ہے—نہ کہ محبت کو منطق سے بدلنے کے طور پر، بلکہ ایک تسلسل کے
طور پر جس میں شعوری انتخاب، اخلاقی آگہی اور جذباتی وابستگی شامل ہو۔ان طریقوں
کو سمجھ کر والدین اور پالیسی ساز بہتر طور پر اندازہ لگا سکتے ہیں کہ
AI کے آلات بچوں کی نشوونما اور خاندانی تعلقات پر کس
طرح اثر انداز ہو رہے ہیں۔
اخلاقی،
نفسیاتی اور سماجی مضمرات
اگرچہ
مصنوعی ذہانت والدین کے لیے بے شمار سہولیات فراہم کرتی ہے تاہم گھریلو زندگی میں
اس کے بڑھتے ہوئے کردار نے کئی اہم اخلاقی، نفسیاتی اور سماجی خدشات کو جنم دیا
ہے۔یہ خدشات محض کارکردگی یا افادیت تک محدود نہیں بلکہ اس بنیادی سوال سے جُڑے ہیں
کہ ایک بچے کی پرورش کو انسانی، جذباتی طور پر حساس اور اخلاقی طور پر مضبوط انداز
میں کیسے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
.1 بچے کی خودمختاری
اور رازداری:سب سے سنگین اور فوری نوعیت کا مسئلہ بچوں کی خودمختاری اور رازداری
کا کم ہوتا ہوا دائرہ ہے۔نگرانی پر مبنی ٹیکنالوجیز جیسے GPS ٹریکرز، AI بیبی مانیٹرز اور ڈیٹا اکٹھا
کرنے والے تعلیمی ایپس بچوں کے لیے ایک مسلسل مشاہدے کا ماحول تشکیل دیتے ہیں۔اگرچہ
یہ آلات تحفظ کے نام پر فروخت کیے جاتے ہیں مگر حقیقت میں یہ بچوں کی خود انحصاری،
اعتماد اور صحت مند نشوونما کے لیے درکار خطرہ مول لینے کے رویّوں کو محدود کر
سکتے ہیں ۔علاوہ ازیں کئی AI پر مبنی ایپس
نابالغ بچوں سے بغیر اُن کی باقاعدہ رضامندی کی حساس معلومات جمع کرتی ہیں۔ یہ امر
آگاہ رضامندی، ڈیٹا کے مالکانہ حقوق اور طویل مدتی ڈیجیٹل شناخت کے حوالے سے گہرے
اخلاقی سوالات کو جنم دیتا ہے ۔
.2 بچپن کا ڈیٹا
فائی ہونا اور پیش گوئی پر مبنی نگہبانی:بچوں کی زندگیوں کو تیزی سے ’ڈیٹا فائی‘ کیا
جا رہا ہے—یعنی انھیں قابلِ پیمائش اکائیوں میں تبدیل کر کے الگورتھمز کے ذریعے
تجزیہ کیا جاتا ہے۔نیند کے معمولات، سیکھنے کی رفتار، اسکرین کے استعمال کا دورانیہ،
حتیٰ کہ جذباتی اظہار بھی ریکارڈ کیے جاتے ہیں تاکہ والدین کو پیش گوئی پر مبنی
معلومات فراہم کی جا سکیں۔اگرچہ مقصد والدین کو بہتر فیصلے کرنے میں مدد دینا ہوتا
ہے لیکن یہ تجزیے لاشعوری طور پر بچوں کو ان کے ماضی کے رویّوں کی بنیاد پر محدود
کر سکتے ہیں، بجائے اس کے کہ انھیں ارتقاء، تبدیلی اور فطری انسانی ردعمل کی آزادی
دی جائے (Williamson et al., 2022)۔اس عمل سے یہ خطرہ
پیدا ہوتا ہے کہ بچے محض ڈیٹا سیٹ بن کر نہ رہ جائیں اور ان کی نشوونما کا فطری
عمل متاثر ہو۔ والدین بھی اپنے بچوں کو ایک ہمدردانہ نگاہ سے دیکھنے کے بجائے
الگورتھمی عینک سے دیکھنے لگتے ہیں۔
.3 فطری نگہبانی کی
مہارتوں کا زوال:جیسے جیسے والدین اپنی متعدد ذمہ داریاں AI کو سونپتے جا رہے ہیںمثلاً نیند کی یاد دہانی، تعلیمی معاونت یا رویّے کی
اصلاح وغیرہ،ویسے ویسے وہ فطری نگہبانی کی مہارتیں کھوتے جا رہے ہیں جو انسانی
تجربے، ثقافتی حکمت اور جذباتی شعور سے پروان چڑھتی ہیں۔AI کی سہولت والدین کے اعتماد، ردعمل کی حساسیت اور صبر کو غیر
محسوس طریقے سے کمزور کر سکتی ہے (Morris, 2023)۔
وقت کے ساتھ الگورتھمی انحصار والدین کو بچوں کے غیر لفظی اشاروں، جذباتی اتار
چڑھاؤ اور فطری تعاملات کے بارے میں بے حس کر سکتا ہے جو مربوط پرورش کے لیے نہایت
ضروری ہوتے ہیں۔
.4 مصنوعی ذہانت
اور جذباتی دوری:مصنوعی ذہانت کی منطق پر مبنی ساخت بچے کی پرورش میں جذباتی
لاتعلقی کو فروغ دے سکتی ہے۔ایک چیٹ بوٹ ریاضی پڑھا سکتا ہے مگر جذباتی حوصلہ
افزائی نہیں کر سکتا۔ایک اسمارٹ اسپیکر یاد دہانی کراسکتا ہے مگر ہمدردی کا جذبہ
فراہم نہیں کر سکتا۔جب روزمرہ کی نگہبانی میں AI بطور ثالث شامل ہو جاتی ہے تو خطرہ ہوتا ہے کہ جذباتی قربت کی جگہ محض مشینی
کارکردگی حاصل کر لے (Radesky et al., 2015)۔
ایسے ماحول میں پلنے والے بچے تعلقات کی کمزوری، جذباتی وابستگی کی کمی اور جذباتی
فہم میں فقدان کا شکار ہو سکتے ہیں۔نتیجتاً ایک ایسا طرزِ پرورش جنم لیتا ہے جو
عملی لحاظ سے مؤثر تو ہوتا ہے مگر جذباتی طور پر محروم۔
.5 ڈیپ فیکس، تحریف
اور گمراہ کن غلط معلومات کا خدشہ:مصنوعی ذہانت وسیع تر سماجی خطرات بھی پیدا کر
رہی ہے۔بچے اور والدین دونوں ہی ڈیپ فیکس، جھوٹی معلومات اور مصنوعی ذہانت سے تیار
کردہ گمراہ کن مواد کا شکار ہو سکتے ہیں (West, 2019)۔ ذاتی نوعیت کے سفارشاتی نظام بچوں کو تعصب پر مبنی اور نقصان دہ یا
نامناسب مواد کی طرف لے جا سکتے ہیں اور یہ سب کچھ ’مطابقت‘ کے پردے میں ہوتا
ہے۔مزید یہ کہ بعض والدین سے متعلق ایپس یا ڈیجیٹل اثر و رسوخ رکھنے والے افراد
تجارتی یا نظریاتی ایجنڈے کی ترویج کرتے ہیں اور والدین کو شعوری طور پر متاثر
کرنے کے بجائے ان کے جذبات سے کھیلتے ہیں۔اگر ڈیجیٹل خواندگی نہ ہو تو خاندان ایسے
الگورتھمی استحصال کا شکار ہو سکتے ہیں جسے روکنا نہایت مشکل ہوتا ہے۔
یہ
اخلاقی، نفسیاتی اور سماجی مضمرات اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کے ڈیزائن
پر مبنی نقطہ نظر اختیار کیا جائے، مؤثر ضوابط تشکیل دیے جائیں اور والدین میں ڈیجیٹل
فہم و فراست پیدا کی جائے۔AI ایک قیمتی
معاون ضرور بن سکتی ہے لیکن اسے ہرگز نگہبانی کے ان جذباتی، اخلاقی اور فطری پہلوؤں
کی جگہ نہیں لینے دینا چاہیے—جو انسان کی حیثیت سے ہمارے سب سے اہم اور مقدس
تجربات میں شامل ہیں۔
مصنوعی
ذہانت کے دور میں والدین کے اہداف پر ازسرِ نو غور
خاندانی
زندگی میں مصنوعی ذہانت کے انضمام نے نگہبانی کے اہداف کو بنیادی سطح پر نئے سرے
سے متعین کرنے کی ضرورت پیدا کر دی ہے۔روایتی طور پر والدین کا مقصد ایسے بچوں کی
پرورش کرنا تھا جو ذمہ دار، ہمدرد اور خودمختار ہوں مگر AI کے دور میں یہ
اہداف زیادہ پیچیدہ ہو گئے ہیں۔اب والدین کو انسانی اقدار اور مشینی منطق کے درمیان
توازن قائم کرنا ہے تاکہ کارکردگی اور سہولت جذباتی گہرائی اور اخلاقی نشوونما کی
قیمت پر نہ حاصل کی جائے۔
.1 انسانی اقدار
اور مشینی منطق کے درمیان توازن:AI سے بھرپور
ماحول میں والدین کے لیے یہ فطری ہے کہ وہ وقت کی بچت، رویّوں کی نگرانی او ر علمی
ترقی کے لیے خودکاری اور ڈیٹا پر مبنی نظام پر انحصار کریں۔تاہم پرورش کو ان انسانی
اقدار پر قائم رہنا چاہیے جن میں ہمدردی، شفقت، صبر اور اخلاقی تفکر شامل ہیں—ایسے
اوصاف جو مشینیں کبھی نقل نہیں کر سکتیں (Turkle, 2017)۔اگرچہ AI معمولات کو
منظم کرنے اور مشورے دینے میں معاون ہو سکتی ہے لیکن وہ اخلاقی سیاق، ثقافتی لطافت
اور جذباتی حساسیت سے عاری ہے۔لہٰذا AI کے دور میں
نگہبانی شعوری طرزِ عمل کا تقاضا کرتی ہے یعنی یہ جاننا کہ کب
AI کا استعمال مفید ہے اور کب ایک انسانی نگراں کی حیثیت
سے جذباتی فہم و بصیرت کے ساتھ خود مداخلت کرنا ضروری ہے ۔
.2 ڈیجیٹل ماحول میں
بچوں کی جذباتی ذہانت کی پرورش: چونکہ بچے اب ہر دن AI پر مبنی پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل معاونین سے تعامل کر رہے ہیں اس لیے ان میں
جذباتی ذہانت (EQ) کو فروغ دینا نہایت اہم ہو گیا ہے۔
جذباتی ذہانت—جیسے خود آگاہی، ہمدردی، جذبات پر قابو پانے کی صلاحیت اور سماجی
مہارتیں—صرف حقیقی انسانی تعاملات سے پروان چڑھتی ہیں نہ کہ اسکرین کے استعمال یا
مشینی نقل سے (Goleman, 1995)۔والدین کو چاہیے
کہ وہ بچوں کے ساتھ رُوبرو گفتگو، مشترکہ کھیل، تنازعات کے حل اور جذباتی قصہ گوئی
جیسے مواقع فراہم کریں تاکہ AI ٹیوٹرز یا
ورچوئل اسسٹنٹس سے ہونے والے غیر جذباتی تعاملات کا توازن قائم ہو سکے
(Radesky et al., 2020)۔ڈیجیٹل دور میں
EQ صرف ایک انفرادی خوبی نہیں بلکہ ایک ایسا حفاظتی ذریعہ
ہے جو بچوں کو مشینی منطق کے غیر انسانی اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔
.3 کیا والدین کی
کردار سازی روبوٹ جیسی ہوتی جا رہی ہے؟:ایک نہایت باریک مگر گہرا تغیر رونما ہو
رہا ہے یعنی والدین خود بھی مشینی انداز اپنا رہے ہیں جیسے وہ
AI کی منطق پر مبنی کارکردگی کی نقل کر رہے ہوں۔جب والدین
مکالمے، شفقت اور تجسس کے بجائے چیک لسٹ، اسکرین مانیٹرنگ ڈیش بورڈز اور خودکار
ہدایات کو ترجیح دیتے ہیں تو وہ انسانی حساسیت کے بجائے مشینی رویّے کی مثال قائم
کرتے ہیں۔ بچے صرف وہی نہیں سیکھتے جو والدین کہتے ہیں بلکہ وہ بھی سیکھتے ہیں کہ
والدین کیسے برتاؤ کرتے ہیں۔اگر نگراں خود جذباتی طور پر غیر حاضر، آلات پر منحصر
یا ہر وقت کثیر الجہتی (Multitasking) میں
مصروف ہوں تو وہ بچوں کے سامنے ایسے تعلقات کو معمول بنا دیتے ہیں جو جذباتی طور
پر کٹے ہوئے اور ڈیجیٹل ذرائع سے چلنے والے ہوتے ہیں۔لہٰذا والدین کے اہداف پر
نظرِ ثانی کا مطلب ہے کہ وہ شعوری طور پر خود کو عملی نمونہ بنائیں یعنی ہمدردی،
توجہ اور اخلاقی فیصلے کی مثال بن کر—نہ کہ یہ سب محض ڈیجیٹل آلات کے سپرد کر دیں۔
.4 ڈیجیٹل اور جذباتی
خلا کو پاٹنا:AI کی معاونت سے چلنے والی نگہبانی کا
سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ وہ ڈیجیٹل-جذباتی خلا کو کیسے پُر کرے۔اس کے لیے ’ڈیجیٹل
جذباتی خواندگی‘ کو فروغ دینا ضروری ہے یعنی ایسی صلاحیت کہ انسان ٹیکنالوجی کو
تنقیدی نظر سے دیکھ سکے اور اس کے ساتھ جذباتی موجودگی اور تعلق کی گہرائی کو
برقرار رکھ سکے ۔والدین اس خلا کو درج ذیل طریقوں سے پُر کر سکتے ہیں:
* ٹیکنالوجی کا
مشترکہ استعمال جیسے بچوں کے ساتھ مل کر دیکھنا، کھیلنا یا سیکھنا۔
* ڈیجیٹل تجربات
پر بات چیت مثلاً انھوں نے کیا دیکھا یا سیکھا اور اس پر ان کے جذبات کیا تھے۔
* ڈیجیٹل مصروفیت
کے وقت کے ساتھ ساتھ اس کے مقصد اور معیار پر بھی حدود کا تعین کریں۔
* بچوں کو سکھانا
کہ وہ تحریک آمیز الگورتھمز کو پہچانیں اور جذباتی سچائی کو سوشل میڈیا کی سطحی
مقبولیت پر ترجیح دیں۔
بالآخر
AI کے عہد میں والدین کا مقصد ٹیکنالوجی کی اہمیت سے
انکار نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کے اندر انسانیت کو واپس لانا ہے۔
اختتامیہ
اور مستقبل کے امکانات
خاندانی
زندگی میں مصنوعی ذہانت (AI) کی آمد نے
نگہبانی کے طور طریقوں میں ایک بنیادی تبدیلی پیدا کر دی ہے جس نے نگہداشت، اختیار
اور جذباتی تعلق کے اظہار کے طریقوں کو نئے سرے سے متعین کیا ہے۔اس مقالے میں یہ
استدلال پیش کیا گیا کہ اگرچہ AI نگہبانی کے تنظیمی
و علمی پہلوؤںجیسے نظام الاوقات، تعلیم اور نگرانی میں قابل قدر مدد فراہم کرتی ہے
لیکن یہ جذباتی ذہانت اخلاقی لطافت اور تعلقاتی گہرائی سے محروم ہے جو ایک بچے کی
صحت مند نشوونما کے لیے نہایت ضروری عناصر ہیں۔اس مقصد کے لیے ایک تصوراتی خاکہ
(Conceptual Typology) پیش کیا گیا جو
AI سے متاثر نگہبانی کے مختلف اطوار کو اجاگر کرتا ہے جیسے
الگوردمی، ٹیکنو-نرمی، معاون مقتدر اور باشعور سائبر نگہبانی۔ یہ خاکہ جذباتی شمولیت
اور ٹیکنالوجی پر انحصار کے دائرے کو واضح کرتا ہے اور والدین، اساتذہ اور پالیسی
سازوں کو موجودہ طرزِ عمل کا تنقیدی جائزہ لینے کا ایک نیا زاویہ فراہم کرتا ہے۔اس
پوری بحث کے مرکز میں ’محبت اور منطق‘ کے مابین ایک بنیادی کشمکش موجود ہے یعنی ایک
طرف وہ جذباتی گرمی اور ہم آہنگی ہے جو روایتی نگہداشت کا خاصّہ ہے اور دوسری طرف
وہ کارکردگی اور یکسانیت ہے جو AI پر مبنی تکنیک
کا خاصّہ ہے۔اگرچہ AI آلات معمولات
اور فیصلوں کو بہتر انداز میں منظم کر سکتے ہیں لیکن اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ
والدین AI پر حد سے زیادہ انحصار کرنے لگیں، جس
سے ان کی داخلی بصیرت اور ہمدردی کی صلاحیت دب سکتی ہے۔اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے
آئندہ نگہبانی میں درج ذیل پہلو شامل ہونے چاہئیں:
* ایسی
AI ڈیزائن پر زور دینا جو جذباتی ذہانت سے آراستہ ہو
اور انسانی شفقت کی جگہ نہ لے بلکہ اس میں معاون ہو۔
* والدین کے لیے ڈیجیٹل
خواندگی کی تربیت کرنا تاکہ وہ AI آلات کو تنقیدی،
بااخلاق اور ذمہ دارانہ انداز میں استعمال کر سکیں۔
* نگہبانی کے
اہداف پر ازسرِ نو غور کرنا تاکہ تعلق کی گہرائی، جذباتی نشوونما اور اخلاقی
خودمختاری کو اولیت دی جا سکے۔
مستقبل میں قابل توجہ
تحقیقی پہلو:AI پر مبنی نگہبانی کے اثرات کو مزید
گہرائی سے سمجھنے کے لیے درج ذیل تحقیقی پہلو توجہ کے متقاضی ہیں:
* خاندانی تعلقات
پر طویل مدتی مطالعات:ایسی تجرباتی تحقیق کی ضرورت ہے جو یہ جانچ سکے کہ طویل عرصے
تک AI آلات کے استعمال سے بچوں میں جذباتی
وابستگی، ہمدردی اور خاندانی ہم آہنگی کس حد تک متاثر ہوتی ہے۔
* مختلف ثقافتوں میں
AI کے استعمال کا تقابلی جائزہ: نگہبانی کے اصول اور ڈیجیٹل
رویّے ثقافتی بنیادوں پر مختلف ہوتے ہیں۔ تقابلی مطالعات سے یہ سمجھا جا سکتا ہے
کہ مختلف ثقافتی اقدار AI سے متاثر
نگہبانی کے اخلاقی و جذباتی اثرات کو کس طرح ڈھالتی ہیں۔
* بچوں کے زاویہ
نظر سے AI کا مطالعہ:موجودہ ادب زیادہ تر
بالغوں کے تجربات پر مرکوز ہے۔ بچوں کی آواز شامل کر کے، یعنی کہ وہ
AI کو کیسے دیکھتے ہیں، ڈیجیٹل اسسٹنٹس پر کتنا اعتماد
کرتے ہیں یا تکنیکی-مداخلت کو کس طرح محسوس کرتے ہیں، زیادہ جامع تصویر سامنے آ
سکتی ہے۔
* پالیسی سازی اور
ضوابط:نگرانی، ڈیٹا کی رازداری اور تحریف جیسے اخلاقی مسائل کے لیے مؤثر اور سخت
قانونی فریم ورک درکار ہے تاکہ گھریلو سطح پر AI کے استعمال کو بچوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے
۔
نتیجتاًمصنوعی
ذہانت کے دور میں نگہبانی کو ایک گہرے انسانی عمل کے طور پر برقرار رکھنا ہوگاجس کی
بنیاد ہمدردی، جذباتی موجودگی اور اخلاقی تفکر پر ہو۔AI
موجودہ زندگی کی پیچیدگیوں کو سنبھالنے میں ضرور مددگار
ثابت ہو سکتی ہے لیکن وہ کبھی محبت، داخلی بصیرت اور اخلاقی ذمہ داری کا متبادل نہیں
بن سکتی ۔یہ وہ خوبیاں ہیں جو والدین اور بچے کے رشتے کی اصل شناخت ہیں۔مستقبل کا
اصل چیلنج AI کو مسترد کرنا نہیں بلکہ اس کے
استعمال میں انسانیت کو دوبارہ شامل کرنا ہے۔
Prof. Naushad
Husain
Principal, MANUU,
College of Teacher Education
Shanti Nagar,
Behind Holy Family School
Near Prakash
Vidyalaya, Airport Road, Gandhi Nagar
Bhopal- 462036
(MP)
Mob.: 7063594144
noushadhusain@gmail.com

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں